Mar ۲۷, ۲۰۲۲ ۰۹:۴۵ Asia/Tehran
  • راولپنڈی میں ایران و پاکستان نے مل کر منایا جشن نوروز+ ویڈیو

پاکستان کے شہر راولپنڈی میں اسلامی جمہوریہ ایران کے خانہ فرہنگ کی جانب سے جشن نوروز کا اہتمام کیا گیا جس میں ایران کے سفارتی عہدے داروں کے علاوہ پاکستان کی معزز شخصیات نے بھی شرکت کی۔

راولپنڈی میں خانہ فرھنگ اسلامی جمہوریہ ایران کے سربراہ فرامرز رحمان زاد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ مناسبت دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے سے ملاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے ثقافتی معاملات ایسے ہیں جو ایران اور پاکستان کے لوگوں کو آپس میں جوڑے ہوئے ہیں۔

خانہ فرہنگ ایران کے ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران کے مابین بہت سے اشتراکات پائے جاتے ہیں جو درحقیقت دونوں ممالک کے عوامی میں پائے جانے والے مستحکم رشتوں کی اصل بنیاد ہیں۔

جشن نوروز کی اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی، سید امجد زیدی نے کہا کہ ایران ہمارا پڑوسی اور اسلامی ملک ہے اور دونوں ممالک کی دوستی ہمہ گیر اور مثالی ہے جو انشاء اللہ مزید مستحکم ہوگی۔

ملی یکجہتی کونسل کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل سید ثاقب اکبر نے بھی کہا کہ جشن نوروز ایک حسین تہوار ہے جو پاکستان کے مختلف علاقوں میں گلگت بلتستان سے لے کر ڈیرہ اسما‏عیل خان تک منایا جاتا ہے۔ علامہ حیدر علوی نے بھی تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے اسلام کو ایک فطری دین قرار دیا اور کہا کہ نوروز بھی ایک فطری عمل ہے اور اسلام نے بھی کبھی نوروز کی مخالفت نہیں کی۔

اس تقریب میں نمل یونیورسٹی شعبہ فارسی کی سربراہ ڈاکٹر عنبر یاسمین،فارسی زبان کی استاد ڈاکٹر رضیہ اکبر، ڈاکٹر شگفتہ یاسمین عباسی، دانشور اور مظفر علی کشمیری نے بھی جشن بہار کےحوالے سے مقالات پیش کیے۔

خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران راولپنڈی کے زیر اہتمام منعقدہ اس تقریب میں پاکستان کی مختلف سیاسی، مذہبی، سماجی، ثقافتی اورعلمی شخصیات کے ساتھ ساتھ اسلام آباد میں مقیم ایرانی سفارت کاروں نے شرکت کی۔

ٹیگس