ایران اور پاکستان کے درمیان بارٹر ٹریڈ سسٹم پر عملدرآمد شروع
Apr ۰۸, ۲۰۲۲ ۱۹:۱۵ Asia/Tehran
پاکستانی وزارت تجارت نے ایران کے ساتھ دو طرفہ تجارت کے فروغ کی غرض سے بارٹر ٹریڈ ڈکلریشن جاری کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کی وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ تجارت کے لیے بارٹر ٹریڈ سسٹم سے استفادہ کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ وزارت تجارت کے مطابق بارٹر ٹریڈ کا اجرا علاقائی تجارت کے فروغ اور زرمبادلہ اور دوسری رکاوٹوں بر غلبہ پانے کے حوالے سے انتہائی اہم ہے۔
ایران میں مقیم پاکستانی سفیر نے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس کا خیر مقدم کیا ہے۔ رحیم حیات قریشی نے کہا ہے کہ اس کے نتیجے میں ایران کے پاکستانی تجارت اور خاص طور سے چاول کی برآمدات میں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے نجی شعبے پر زور دیا کہ وہ اس پیشکش سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کریں۔