Apr ۲۸, ۲۰۲۲ ۱۶:۰۵ Asia/Tehran
  • ایرانی سفیر کی پاکستانی وزیر مملکت برائے امورخارجہ  سے ملاقات

ایران کے سفیر نے، اسلام آباد میں پاکستان کی وزیرمملکت برائے امورخارجہ سے ملاقات اور باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

ہمارے نمائندے کے مطابق ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے اس ملاقات میں پاکستان کی وزیرمملکت برائے امورخارجہ حنا ربانی کھر کو عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ پر زور دیا۔

سید محمد علی حسینی کا کہنا تھا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان پائے جانے والے تاریخی، مذہبی، سماجی اور جغرافیائی رشتوں نے دونوں ملکوں کے تعلقات کی پائیدار بنیاد فراہم کردی ہے۔ انہوں نے ایران اور پاکستان کے درمیان اقتصادی، تجارتی، ثقافتی اور سرحدی امور کے ساتھ ساتھ عوامی تعلقات کے فروغ کو بھی ضروری قرار دیا۔

پاکستان کی وزیر مملکت برائے امور خارجہ حناربانی کھر نے ایران کی جانب سے مسلم اقوام کی حمایت کو قابل تعریف بتایا اور اسلام آباد تہران تعلقات کے فروغ کی خواہش ظاہر کی۔

انہوں نے کہا کہ علاقائی تبدیلیوں اور بین الاقوامی مسائل کے بارے میں پاکستان اور ایران کے موقف میں پائی جانے والی ہم آہنگی انتہائی خوش آئند ہے۔

ٹیگس