May ۰۸, ۲۰۲۲ ۰۹:۵۳ Asia/Tehran
  • عمران خان کی بیرون ملک کارکنوں سے سوشل میڈیا مہم کی اپیل، دی ہندوستان کی مثال

سابق پاکستانی وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف پارٹی کے چیئرمین عمران خان نے بیرون ملک کے اپنے کارکنوں کو مظاہرے اور سوشل میڈیا پر مہم چلانے کی ہدایت دی ہے۔

انہوں نے بیرون ملک کے اپنے کارکنوں سے مہم کے لئے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ حکومت گرائے جانے کے خلاف، مظاہرے اور سوشل میڈیا مہم چلائیں اور اپنے نمائندوں سے سوال کریں۔

انہوں نے بیرون ملک کے کارکنوں سے ورچوئل خطاب میں کہا کہ جس طریقے سے ملک میں ہونے والی سازش کے خلاف جو احتجاج کیا ہے، اس پر ملک کی طرف سے خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے اس ورچوول خطاب میں ہندوستان کی مثال دی جو امریکہ سے اسٹریٹیجک معاہدہ کرنے کے باوجود، روس سے سستا تیل خرید رہا ہے، لیکن امریکہ اس سے کبھی ناراض نہیں ہوا، جبکہ پاکستان نے 30 فی صد کفایت پر تیل لیا اور امریکہ ناراض ہو گیا۔ سابق پاکستانی وزیر اعظم  نے کہا کہ امریکہ افغانستان میں اپنی ناکامیوں کے لئے بھی پاکستان کو ذمہ دار ٹھہراتا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرد جنگ کے دوران پاکستان روس کے خلاف امریکہ کے ساتھ تھا جس کی وجہ سے روس سے ہمارے تعلقات ہمیشہ کشیدہ رہے، ایسے حالات میں جب روس نے 30 فی صد رعایت پر تیل کی پیشکش کی تو ہم نے خرید لیا، بس اسی بات پر امریکہ چڑھ گیا۔

عمران خان نے مزید کہا کہ دہشتگردی کے خلاف امریکی جنگ میں سب سے زیادہ پاکستان کا نقصان ہوا۔ انہوں نے کہا کہ 9/11 سے پاکستان کا کوئی ربط نہیں تھا، لیکن پاکستان امریکہ کا غلام بن گیا اورنتیجے میں انکے مطالبات بڑھتے گئے۔

 

 

ٹیگس