May ۰۹, ۲۰۲۲ ۱۸:۴۲ Asia/Tehran
  • شہباز شریف نے عمران خان کی حالیہ تقریر پر ان کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کردیا

پاکستان میں وزیر اعظم شہباز شریف نے عمران خان کی حالیہ تقریر پر ان کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کیا ہے۔

اسلام آباد میں سنیچر کی شب جاری ایک بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایبٹ آباد میں جلسہ عام میں ملک مخالف تقریر کرنے پر سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

رپورٹ کے مطابق بیان میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم ملک کو خانہ جنگی کی طرف دھکیل رہے ہیں۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ ان کے ’’ناپاک عزائم‘‘ کو کسی بھی قیمت پر پورا نہیں ہونے دیا جائے گا۔شہباز شریف کا یہ بیان فوج کے ایک ترجمان کی جانب سے سیاستدانوں، صحافیوں اور تجزیہ کاروں کو پاکستانی فوج اور اس کی قیادت کو ملک کے سیاسی معاملات میں گھسیٹنے کے خلاف خبردار کرنے کے بعد آیا ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے سابق وزیر اعظم عمران خان پر ملکی اداروں کے خلاف سازشیں کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ عمران خان سیاست نہیں سازش کر رہے ہیں، یہ سازش پاکستان کے خلاف ہو رہی ہے۔ انہوں نے عمران خان پر یہ بھی الزام لگایا کہ انہوں نے پاکستان کی معیشت ڈبونے کی سازش کی اور اب وہ خانہ جنگی کروانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ٹیگس