May ۰۹, ۲۰۲۲ ۲۰:۴۸ Asia/Tehran
  • سابق وزیر اعظم عمران خان کا حالیہ خطاب انتہائی خطرناک ہے: شہباز شریف

پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے سابق وزیر اعظم عمران خان کے اتوار کے خطاب کو انتہائی خطرناک قرار دیا ہے۔

اسلام آباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے اتوار کو جو بات کہی ہے وہ بہت خطرناک ہے۔انھوں نے کہا کہ عمران خان نے نواب سراج الدولہ کی سپہ سالاری کی بات کرکے براہ راست اداروں کو نشانہ بنایا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اداروں کے بارے میں جو زہر اگلا ہے، وہ بقول ان کے، پاکستان کے خلاف سازش ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ اگر سابق وزیر اعظم عمران خان کو نہ روکا گیا تو پاکستان بقول ان کے شام اور لیببیا کی بھیانک تصویر بن جائے گا۔

یاد رہے کہ عمران خان نے اتوار کو ایبٹ آباد میں جلسہ عام سے خطاب کیا تھا۔ اپنے خطاب میں انھوں نے ایک بار پھر یہ بات دوہرائی کی ان کی حکومت سازش کے تحت ختم کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سازش میں ملک کا میڈیا بھی ملوث تھا۔

انھوں نے نیوٹرل امپائر کی بات کرنے والوں کے جواب میں کہا کہ نیوٹرل صرف جانور ہوتے ہیں انسانوں کو اللہ کے سامنے جواب دینا ہوتا ہے۔

ٹیگس