پاکستان کی قومی اسمبلی میں صدر کے خلاف قرار داد مذمت منظور
پاکستان کی قومی اسمبلی میں صدر ڈاکٹر عارف علوی کے خلاف قرار داد مذمت منظور ہوگئی ہے۔
اسلام آباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق گورنر پنجاب کی تقرری پر مبنیہ طور پر غیر آئینی احکامات سے متعلق قومی اسمبلی میں صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کے خلاف قراردادِ مذمت منظور کرلی گئی ۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی صدارت میں ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں صدرعارف علوی کے خلاف پیش کی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ انھوں نے گورنر پنجاب کی تقرری پر غیر آئینی احکامات جاری کیے اور ایوان صدر کے دفتر کا غیر آئینی استعمال کیا ۔
مذمتی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان، صدر مملکت کے غیر آئینی احکامات کی مذمت کرتا ہے ۔ قرار داد میں کہا گیا ہے کہ صدر کا آئین سے انحراف عہدے اور پارلیمانی جمہوریت کے خلاف ہے ۔ اس قرار داد میں صدر پاکستان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ غیر جانبدار رہ کر آئین کے مطابق ذمہ داریاں ادا کریں ۔