May ۱۵, ۲۰۲۲ ۱۳:۴۶ Asia/Tehran
  • راولپنڈی میں یوم تحفظ فارسی زبان و ادب پر خصوصی تقریب

یوم تحفظ فارسی زبان و ادب کی مناسبت سے راولپنڈی میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب میں خانہ فرہنگ ایران کے ڈائریکٹر جنرل نے فارسی اور اردو کے مشترکات پر روشنی ڈالی.

راولپنڈی میں اسلامی جمہوریہ ایران کے خانہ فرہنگ کے ڈائریکٹر جنرل فرامرز رحمان زادہ نے کہا کہ فارسی ان تمام ملکوں کا مشترکہ ورثہ ہے جہاں کے لوگ سیکڑوں سال تک فارسی زبان سے وابستہ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فارسی بر صغیر کے عظیم مفکر علامہ اقبال کی زبان ہے۔

راولپنڈی میں اسلامی جمہوریہ ایران کے خانہ فرہنگ کے ڈائریکٹر جنرل نے فارسی اور اردو کے مشترکات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اردو زبان میں فارسی کے الفاظ اتنے زیادہ ہیں کہ اس کو فارسی سے الگ کرکے نہیں دیکھا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ برصغیر پاکستان اور ہندوستان میں فارسی کی ترقی کا مطلب اردو کی ترقی ہے۔

تقریب کے مہمان خصوصی ڈاکٹر سرفراز ظفر نے اپنے خطاب میں فارسی کو اردو زبان کی ماں قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فارسی کے بغیر اردو زبان نا مکمل ہے۔

تقریب سے خطاب میں دیگر دانشوروں اور مختلف یونیورسٹیوں کے اساتذہ نے فارسی زبان کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ مقررین نے پاکستان میں فارسی زبان و ادب کی ترقی میں حائل رکاوٹوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ فارسی کا ہمارے ماضی کی تاریخ سے بہت گہرا تعلق ہے اور اس کے تحفظ اور ترقی کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

خیال رہے کہ ایرانی کیلینڈر کے مطابق 25 اردیبہشت مطابق 15 مئی کو یوم تحفظ فارسی زبان و ادب کے طور پر منایا جاتا ہے۔

ٹیگس