پاکستانی وزیراعظم تعزیت کیلئے امارات پہنچ گئے
پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف متحدہ عرب امارات کے مرحوم صدر شیخ خلیفہ بن زاید آل النہیان کی وفات پر تعزیت کے لیے اماراتی صدارتی محل پہنچ گئے۔
وزیراعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف لندن سے واپسی پر گزشتہ شب متحدہ عرب امارات پہنچے تھے۔
شہباز شریف، یو اے ای کے نومنتخب صدر شیخ محمد بن زاید آل النہیان سے مرحوم صدر کی وفات پر تعزیت کریں گے۔
گزشتہ روز دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف قیادت، حکومت اور پاکستان کے عوام کی جانب سے گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کریں گے۔
دفتر خارجہ نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات کو 'قریبی برادرانہ تعلقات' قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ شیخ خلیفہ بن زاید آل النہیان کی قیادت میں، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعلقات نئی بلندیوں کی جانب بڑھے۔
بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ وہ پاکستان کے مخلص دوست تھے، ان کا انمول اور بیش بہا کردار اور تعاون حکومت اور پاکستان کے عوام ہمیشہ یاد رکھیں گے۔
متحدہ عرب امارات کے برادر شہریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے پاکستان نے 13 سے 15 مئی تک تین روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا تھا۔