پاکستان میں عمران خان کی سیکورٹی میں اضافہ
پاکستان میں وزیر اعظم شہباز شریف نے سابق وزیر اعظم عمران خان کو فول پروف سیکورٹی فراہم کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔
پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان کی سیکورٹی کے مسئلے پر اجلاس میں وزیر اعظم شہباز شریف کو وزارت داخلہ کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں وزیر اعظم شہباز شریف نے حکم دیا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کو فوری طور پر فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائے۔ انھوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کو فوری طور پر ایک چیف سیکورٹی آفیسر فراہم کیا جائے اور ان کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔ شہباز شریف نے اسی کے ساتھ صوبائی حکومتوں سے بھی کہا کہ عمران خان کے جلسوں کے دوران ان کو مکمل سیکورٹی فراہم کریں۔ پاکستان کی وزارت داخلہ نے بتایا ہے کہ دو خصوصی اجلاسوں میں عمران خان کی سیکورٹی کا جائزہ لیا گیا جس کے بعد ان کی سیکورٹی بڑھا دی گئی۔
پاکستانی وزارت داخلہ کے ترجمان کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ کی سیکورٹی کے لئے پولیس اور ایف سی کے اہلکاروں کے ساتھ ہی ایس ایم ایس سیکورٹی کے چھبیس اور فوجی سیکورٹی کے نو اہلکاروں کو بھی تعینات کردیا گیا۔ اس کے علاوہ عمران خان کے ساتھ تئیس پولیس اہلکاروں کے ساتھ چار گاڑیوں کے علاوہ پانچ اہلکاروں پر مشتمل رینجرز کی ایک گاڑی بھی چلتی ہے۔