May ۱۷, ۲۰۲۲ ۲۳:۴۲ Asia/Tehran
  • حکومت ڈری ہوئی ہے، اس کے پیچھے ٹائیگر اور آگے سمندر ہے: عمران خان

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے منحرف اراکین اسمبلی کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اس کو پاکستان کی اخلاقیات گرنے سے بچانے کا باعث قرار دے دیا۔

خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت بڑھنے لگی ہیں کیونکہ اس امپورٹڈ حکومت کو اپنے آقاؤں کی طرف سے حکم ملا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت بڑھائی جائے لیکن سازش کے تحت مسلط کی گئی حکومت ڈری ہوئی ہے، ان پر خوف طاری ہے کہ ان کے پیچھے ٹائیگر اور آگے سمندر ہے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اب یہ امریکیوں اور آئی ایم ایف کو کہیں گے کہ خدا کے واسطے ہماری مدد کرو، ہمیں ڈالر دو، اگر تم نے ہمیں ڈالر نہیں دیے تو عمران خان پھر واپس آجائے گا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ امریکی ان کو کبھی ایسے ڈالر نہیں دیں گے، اگر ڈالر دیں گے تو ان سے مزید غلامی کرائیں گے، حکم دیں گے کہ خارجہ پالیسی ہماری مرضی سے بناؤ، ان کو حکم دے بھی چکے ہیں کہ روس سے سستا تیل نہیں منگوا سکتے جبکہ ہم نے 30 فیصد کم ریٹ پر تیل حاصل کرنے کا معاہدہ کرلیا تھا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہم نے 30 فیصد کم ریٹ پر روس سے گندم حاصل کرنے کا معاہدہ بھی کرلیا تھا تاکہ اپنے لوگوں کو مہنگائی سے بچائیں لیکن انہوں نے آتے ساتھ حکم کی تعمیل کرتے ہوئے وہ معاہدے ختم کردیے اور غلامی کیا ہوتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکی جنگ میں پاکستان نے سب سے زیادہ قربانیاں دیں، ڈرون حملے ہوئے، ہزاروں لوگ مارے گئے، جو بھی مرتا تھا کہا جاتا تھا کہ دہشت گرد تھا مگر کبھی کوئی تحقیق نہیں ہوئی کیونکہ حکومت امریکا سے ملی ہوئی تھی، حکومت نے ان کو ڈرون حملے کرنے کی اجازت دی ہوئی تھی۔

 

ٹیگس