May ۲۲, ۲۰۲۲ ۱۰:۳۸ Asia/Tehran
  • بلوچستان کے جنگلات میں لگی آگ تاحال بے قابو، ایران آگ کو بجھانے میں مدد کے لئے تیار

بلوچستان کے ضلع شیرانی کے جنگلات میں لگی آگ پر قابو نہیں پایا جاسکا ہے۔

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع شیرانی کے جنگلات میں لگی آگ پر قابو نہیں پایا جا سکا ہے۔ رپورٹس کے مطابق پاکستانی فوج اور ایف سی کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں، این ڈی ایم اے کی طرف سے بلوچستان حکومت کو آگ بجھانے کیلئے ضروری سامان فراہم کردیا گیا ہے۔

ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے مغل کوٹ کے جنگلات میں لگی آگ بلوچستان کے سرحدی علاقے منڑہ اور سُرلکئی تک پہنچ گئی ہے۔

آگ سے چلغوزے، زیتون کے درخت اور جنگلی حیات متاثر ہوئے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے فوری طور پر واقعات کی وجوہات کا پتہ لگانے کا حکم دیتے ہوئے امدادی کاموں میں تیزی لانے کی تاکید کی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 2 آرمی ہیلی کاپٹر آگ بجھانےاور امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، اس کے علاوہ فائر بالز، فائرسوٹ، کمبل، خیمے، چٹائیاں اور آگ بجھانے کا سامان فراہم کیا گیا ہے۔

صوبہ بلوچستان کے کمزور مواصلاتی ڈھانچوں اور لازمی وسائل کے فقدان بالخصوص آگ بجھانے والے طیاروں کے نہ ہونے کے پیش نظر حکومت پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے بلوچستان کے جنگلوں میں لگی آگ پر قابو پانے اور اسے بجھانے پر آمادگی ظاہر کی ہے.

 پاکستان کے وزیرٹرانسپورٹ عبدالواسع اور صوبہ بلوچستان کے وزیراعلی نے اعلان کیا ہے کہ دوست اور پڑوسی ملک ایران ، پاکستان میں لگی آگ کو بجھانے میں مدد کے لئے تیار ہے۔

عبدالواسع نے ایران کے متعلقہ حکام سے پاکستانی حکومت کی درخواست اور ہماہنگی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران اپنے مخصوص طیارے بلوچستان روانہ کرے گا اور پھر آگ بجھانے کے لئے بڑا آپریشن شروع کیا جائے گا۔

ٹیگس