پاکستانی وزیر اعظم، ترکی پہنچے، پرتباک استقبال
پاکستان کے وزیر اعظم محمد شہبازشریف تین روزہ سرکاری دورے پر ترکی پہنچ گئے۔
پاکستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق منگل کو انقرہ ایئر پورٹ پہنچنے پر وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ان کے وفد کا ترک وزیر دفاع اور اعلیٰ حکام نے پرتپاک استقبال کیا، اس موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
ان کے ہمراہ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وزیر سرمایہ کاری بورڈ چوہدری سالک حسین، معاونین خصوصی طارق فاطمی اور فہد حسین بھی موجود ہیں۔
وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد یہ وزیراعظم شہبازشریف کا ترکی کا پہلا دورہ ہے جبکہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری بھی ترکی میں موجود ہیں۔
تین روزہ دورے کے دوران وزیراعظم شہبازشریف کی صدر رجب طیب اردوغان سے بالمشافہ ملاقات ہوگی جس کے بعد وفود کی سطح پر بات چیت کا انعقاد ہو گا۔
پاکستان اور ترکی کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لینے کے علاوہ دونوں رہنما علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے، دونوں رہنما اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ سے مشترکہ خطاب بھی کریں گے جس کے بعد صدر اردوان وزیراعظم کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے۔
رواں برس پاکستان اور ترکی کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ بھی منائی جارہی ہے اور دورے کے دوران اسی سلسلے میں صدر اردوغان اور پاکستان کے وزیراعظم شہبازشریف مشترکہ طور پر یادگاری نشان بھی جاری کریں گے جو ترکی اور پاکستان کے درمیان غیرمعمولی دوطرفہ تعلقات کی طویل تاریخ میں اِس اہم سنگ میل کی مناسبت سے تیار کیا گیا ہے۔
ترکی کے خارجہ امور، تجارت اور صحت کے وزرا بھی دورے کے دوران پاکستان کے وزیراعظم سے ملاقات کریں گے جبکہ وزیر اعظم ترکی کے ممتاز کاروباری حضرات اور مختلف شعبہ جات میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھنے والی شخصیات سے بھی تفصیلی ملاقات کریں گے۔
ترکی کی کاروباری برادری کی نمائندہ تنظیم ’یونین آف چیمبرز کموڈیٹی ایکسچینج‘ کے صدر وزیراعظم کے اعزاز میں استقبالیہ دیں گے، اس کے علاوہ وزیراعظم ’پاکستان ترکی بزنس کونسل فورم‘ میں بھی شرکت کریں گے جس کا اہتمام ’ترک خارجہ معاشی تعلقات بورڈ‘ کے اشتراک سے کیا گیا ہے۔
پاکستان کے وزیراعظم ان تقاریب کے دوران پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کریں گے اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے ترک کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کریں گے تاکہ پاکستان اور ترکی کے درمیان تجارتی ومعاشی روابط کو مضبوط بنانے کے لیے کام کیا جائے۔