پاکستان اور ترکی کےدرمیان اہم معاہدوں پر دستخط
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور ترک صدر رجب طیب اردوغان نے برادر ممالک میں بہترین تعلقات کو مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کی نئی بلندیوں تک پہنچانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان : ریڈیو پاکستان اور سرکاری خبررساں ادارے ’اے پی پی‘ کے مطابق انقرہ میں ترک صدر رجب طیب اردوغان کے ہمراہ مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان- ترکی تعلقات وقت، جغرافیہ اور سیاست کی حدود سے ماورا مشترکہ ثقافتی، مذہبی اور روحانی ورثے میں جڑے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اعلیٰ سطح کے اسٹرٹیجک تعاون کونسل کا اجلاس پاکستان- ترک مشترکہ مفادات کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے جبکہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مشترکہ تاریخ اور مقاصد پر مبنی ہیں، یہ تعلقات نسل در نسل جاری ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ستمبر میں اسلام آباد میں اعلیٰ سطح کا آئندہ اجلاس منعقد کرنے کے ترک صدر کے اعلان کا خیرمقدم کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ آئندہ جون میں ترکی کا ایک تجارتی وفد بھی پاکستان کا دورہ کرے گا جس کے شاندار نتائج سامنے آئیں گے۔
شہباز شریف نے امید ظاہر کی کہ ترکی کے عوام ای کامرس، سیاحت، تعلیم، بنیادی ڈھانچے اور پن بجلی جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری کریں گے۔
علاوہ ازیں ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے کہا کہ ملاقات کے دوران انہوں نے علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے دوطرفہ تعلقات کے دائرہ کار کو بڑھانے کا بھی اعادہ کیا۔
رجب طیب اردوغان نے کہا کہ ستمبر میں اسلام آباد میں اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوگا جس سے دونوں ممالک کو اپنے برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کا موقع ملے گا۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق پاکستان اور ترکی نے مفاہمت کی 7 مختلف یادداشتوں پر دستخط کئے ہیں۔ ترکی کی پریذیڈینسی آف اسٹریٹجی اینڈ بجٹ اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی آف پاکستان کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔
فراہم کردہ معلومات کے مطابق ترک اور پاکستان حکومت کے درمیان نالج شیئرنگ پروگرام کے فریم ورک پر دستخط کئے گئے۔ ترک وزارت ٹرانسپورٹ وانفراسٹرکچر اور وزارت مواصلات پاکستان کے درمیان ہائی وے انجینئرنگ سے متعلق مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔
پاکستان کی جانب سے وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری اور وزیر تجارت نوید قمر جبکہ ترکی کی جانب سے وزیر ٹرانسپورٹ نے معاہدوں پر دستخط کئے۔
ترک صدر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی دوستی اور تعاون کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔ اس سے قبل دونوں رہنماؤں نے باہمی مفادات کے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لئے معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے۔