Jun ۰۳, ۲۰۲۲ ۰۹:۰۵ Asia/Tehran
  • ٹی ٹی پی نے جنگ بندی کا اعلان کر دیا

کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے حکومت کے ساتھ مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت کے بعد غیر معینہ مدت کیلئے جنگ بندی کا اعلان کر دیا۔

سحر نیوز/پاکستان: ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ٹی ٹی پی کے ترجمان محمد خراسانی کی جانب سے یہ اعلان بدھ کے روز وفاقی وزیر، خیبر پختونخوا حکومت کے نمائندوں اور قبائلی عمائدین سمیت ایک پچاس رکنی پاکستانی قبائلی جرگے کے وفد سے امن مذاکرات کے بعد سامنے آیا۔

ٹی ٹی پی کے ترجمان نے کہا کہ گزشتہ دو دنوں کے دوران بات چیت میں کافی پیش رفت ہوئی ہے، اس کے نتیجے میں ٹی ٹی پی کی قیادت نے غیر معینہ مدت کے لیے جنگ بندی کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے آنے والے دنوں میں بات چیت جاری رہے گی۔ تاہم اس بارے میں جب پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ سے پوچھا گیا تو اُس نے جواب نہیں دیا۔

اس سے قبل پاکستانی ذرائع ابلاغ نے اطلاع دی تھی کہ ٹی ٹی پی اور حکومتی مذاکرات کار غیر معینہ مدت کے لیے جنگ بندی پر متفق ہو گئے ہیں۔ فریقین کے درمیان گزشتہ جنگ بندی تیس مئی کو ختم ہو گئی تھی۔

خیبر پختونخوا کے سابق گورنر اور جرگے کے رکن شوکت اللہ خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی روایات کے پیش نظر جرگے کا کردار بہت اہم ہے کیوں کہ دونوں فریق اُس کا احترام کرتے ہیں۔

 

ٹیگس