Jun ۰۴, ۲۰۲۲ ۱۶:۱۹ Asia/Tehran
  • امریکہ اور اسرائیل میں ہمارے فیصلے نہیں ہونے چاہئیں: عمران خان

عمران خان نے کہا ہے کہ اللہ کے سوا ہر کسی کے سامنے جھکنا شرک ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان  نے آج  دیر بالا میں پی ٹی آئی کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل میں ہمارے فیصلے نہیں ہونے چاہئیں، ہم ایک آزاد قوم ہیں اس لئے ہمارے فیصلے اسلام آباد میں ہونے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم کسی سپر پاور کو نہیں مانتے، ہم اللہ کو مانتے ہیں، ہم جھکتے ہیں تو صرف اللہ کے سامنے، ہم سچ اور حق پر کھڑے ہوتے ہیں، خوف کے بت کو توڑ کر صرف اپنے نظریے پر چلیں گے اور جو قوم خوف کے بت کو نہیں توڑتی غلام بن جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب حضرت امام حسین علیہ السلام نکلے تھے تو کوفہ کے لوگ یہ جانتے تھے امام حسین علیہ السلام حق پر ہیں لیکن یزید کے خوف سے حضرت امام حسین علیہ السلام  کا ساتھ نہیں دیا اور ہر دور میں یزید ہوتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں آخری دم تک ان چوروں کا مقابلہ کروں گا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ جب ڈیزل اور تیل مہنگا ہوتا ہے تو سب کچھ مہنگا ہوجاتا ہے، اور اس حکومت نے 60 روپے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھا دیں اور گیس کی قیمت بھی 45 فیصد بڑھائی۔

انہوں نے دعوی کیا کہ امریکہ کی غلام حکومت ہندوستان اور اسرائیل کا ایجنڈا مسلط کر رہی ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ امریکا کے سفیر نے کہا کہ اگر تم عمران خان کو نہیں ہٹاؤ گے مشکلات پیدا کردیں گے۔

واضح رہے کہ عمران خان  نے شانگلہ کے جلسہ عام میں کہا تھا کہ دیر بالا میں اپنے آئندہ کے لایحہ عمل کا اعلان کروں گا لیکن انہوں نے آج کے جلسے میں اپنے آئندہ کے لایحہ عمل کا اعلان نہیں کیا۔

ٹیگس