Jun ۱۰, ۲۰۲۲ ۰۹:۱۲ Asia/Tehran
  • رسول اسلام (ص) کی اہانت کے خلاف پاکستان میں احتجاجی ریلی

ہندوستان میں ہوئی رسول اسلام (ص) کی اہانت کے خلاف پاکستان کے مختلف شہروں میں احتجاجی ریلی نکالی گئی۔

سحر نیوز/پاکستان: ہندوستان میں گستاخانہ بیانات کے خلاف احتجاجی ریلی کے دوران جماعت اسلامی کے کارکنان نے ہندوستانی ہائی کمیشن تک جانے کی کوشش کی۔ اس دوران پولیس اور کارکن آمنے سامنے آگئے۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ گستاخانہ بیان پر اسلامی ممالک ہندوستانی سفیروں کو اپنے ملکوں سے نکالیں۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ او آئی سی کا اجلاس بلاکر ہندوستان سے احتجاج کیا جائے۔

اس کے علاوہ کراچی اور لاہور میں بھی ہندوستان میں گستاخانہ بیانات کے خلاف شہریوں نے احتجاج کیا۔

دوسری جانب آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اسد الدین اویسی کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مقدمہ مبینہ اشتعال انگیز بیانات پر درج کیا گیا ہے اسد الدین اویسی نے مقدمے کے اندراج پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسی ایف آئی آر پہلی بار دیکھی جس میں جرم کی وضاحت ہی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان ہتھکنڈوں سے خوفزدہ نہیں ہوں گے۔

اسد الدین اویسی کا کہنا تھا کہ نفرت انگیز تقاریر پر تنقید اور نفرت انگیز تقاریر کرنے میں فرق ہے۔ 

یاد رہے کہ اسد الدین اویسی نے بی جے پی ترجمان کے گستاخانہ بیان پر مذمتی بیان دیا تھا۔

ٹیگس