Feb ۱۸, ۲۰۲۳ ۱۵:۰۰ Asia/Tehran
  • امت مسلمہ مسئلہ فلسطین کی اہیمت اورامریکی مداخلت پر گہری نظر رکھیں: رہبرانقلاب اسلامی

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا ہے کہ ایران ہر ممکن طریقے سے فلسطینی قوم اور فلسطینی کازکی حمایت جاری رکھے گا۔

سحر نیوز/ ایران: عید بعثت رسول اسلام صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر ایران کے صدر اور ان کی کابینہ کے ارکان، اسلامی ملکوں کے سفیروں اور بین الاقوامی قرآنی مقابلوں کے شرکا نے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی۔ 
حسینیہ امام خمینی رح میں ہونے والی اس ملاقات میں رہبر انقلاب اسلامی نے مظلوم فلسطینیوں کی حمایت کے بارے میں ایران کے دو ٹوک، واضح اور اصولی موقف پر کھل کر روشنی ڈالی ۔
آپ نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ بعض ممالک فلسطینیوں کی حمایت کے بجائے دشمنان اسلام کا ساتھ دے رہے ہیں۔ 
آپ نے فرمایا کہ افسوس کی بات ہے کہ وہ حکومتیں جو فلسطینی قوم کی مدد کرنے کی پابند ہیں وہ اسلام دشمنوں کے ایرانو فوبیا میں اپنی آواز ملا رہی ہیں۔ 
رہبر انقلاب اسلامی نے مسئلہ فلسطین کو امت مسلمہ کی کمزوریوں اور زخموں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ عالم اسلام کی نگاہوں کے سامنے ایک قوم اور ایک ملک کو ہر روز ایک وحشی، خبیث اور شرپسند حکومت کے نہ ختم ہونے والے ظلم کا سامنا ہے اور اسلامی ممالک اپنی تمام تر دولت، طاقت، اور گنجائشوں کے باجود صرف تماشائی بنے ہوئے ہیں حتی بعض ممالک اب اس خونخوار حکومت کا ساتھ بھی دے رہے ہیں۔ 
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ نوبت یہاں تک آ پہنچی ہے کہ امریکہ، فرانس اور چند دوسرے ممالک مسلمانوں کی مشکلات کے حل کا دعوی کرکے، عالم اسلام میں مداخلت کا حق جتلا رہے ہیں حالانکہ وہ خود اپنی مشکلات اور ملک چلانے کی توانائی و صلاحیت نہیں رکھتے۔ 
رہبر انقلاب اسلامی نے یہ بات زور دے کر کہی کہ اگر اسلامی ممالک پہلے ہی دن نجف اشرف کے جید علمائے کرام سمیت امت کے خیرخواہوں کی باتوں پر کان دھرتے اور غاصب حکومت کے خلاف ڈٹ جاتے تو یقینا مغربی ایشیا کے حالات بہت مختلف ہوتے اور امت مسلمہ کہیں زیادہ متحد اور مختلف جہتوں سے طاقتور ہوتی۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے تعلیمات نبوی کی جانب واپسی، مسلم اقوام کے درمیان اتحاد و یگانگت اور اسلامی ممالک کے درمیان حقیقی معنوں میں تعاون کو، امت مسلمہ کی مشکلات کے حل کا راستہ قرار دیا۔ 
رہبر انقلاب اسلامی نے ترکیہ اور شام میں آنے والے حالیہ زلزلے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر ایک بار پھر اپنے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے امت مسلمہ پر زور دیا کہ وہ ہر حال میں فلسطین جیسے سیاسی مسئلہ کی اہیمت اور امریکی مداخلت پر گہری نظر رکھیں اور اس سے ہرگز چشم پوشی نہ کریں۔

ٹیگس