شہباز حکومت صرف چند دن کی مہمان: عمران خان کا دعوی
پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان نے دعوی کیا ہے کہ حکومت لڑکھڑا رہی ہے اور وہ صرف چند دن کی مہمان ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے بنی گالہ میں اینکر پرسنز اور سینئر صحافیوں سے ملاقات کے دوران کہا کہ لگتا ہے طاقتور حلقے جاری سیاسی و معاشی بحران سے پریشان ہو چکے ہیں۔ بجٹ کے بعد حکومت ایک ڈیڑھ ماہ میں رخصت ہو جائے گی۔
عمران خان نے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات کا سامنا کرنے کے لیے مضبوط قیادت کی ضرورت ہے، مضبوط قیادت شفاف الیکشن کے ذریعے ہی سامنے آ سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلے کا انتظار ہے، کوئی بھی یہ نہ سمجھے کہ لانگ مارچ ختم ہو گیا ہے، آنے والے دنوں میں اسلام اباد کا رُخ کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بڑی تعداد میں عوام کو سڑکوں پر نکال کر دکھا دیا ہے، ہمیں معاملات کا اندازہ ہے اور مقابلہ کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ سیاسی عدم استحام سے نکلنے کا واحد راستہ عام انتخابات ہیں جبکہ خود انہوں نے حکومت کے فسطائی ہتھکنڈوں کا بھرپور مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور انتخابات کی تاریخ ملنے تک جدوجہد جاری رکھوں گا۔
پی ٹی آئی چیئر مین نے شہباز شریف حکومت کو امپورٹڈ قرار دیتے ہوئے دعوی کیا کہ یہ حکومت ملک کومعاشی تباہی کی طرف لے کر جا رہی ہے، جولائی سے کمر توڑ مہنگائی کا غریب عوام سامنا کیسے کریں گے۔ اُن کا کہنا تھا کہ حکومت سے نکلنے کے بعد میرے سامنے 2 ہی راستے تھے، یا تو طاقتور حلقوں سے معافی مانگ کر پاؤں پکڑتا یا پھر عوام کے پاس جاتا، میں نے دوسرا راستہ اپنایا اورعوام کے پاس گیا۔