تمام عالمی ادارے ناموس رسالت (ص) کو یقینی بنانے کیلئے اقدام کریں: پاکستان
پاکستان کی قومی اسمبلی میں تمام جماعتوں نے ہندوستان کی حکمراں جماعت بی جے پی کی ترجمان کی جانب سے رسول خدا ص کی شان اقدس میں گستاخی کی مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی اداروں میں ناموس رسالت ص کو یقینی بنائے جانے کے لئے اقدامات کرنے پر تاکید کی۔
سحر نیوز/پاکستان: قومی اسمبلی میں ناموس رسالت (ص) معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے اراکین نے کہا کہ ہندوستان میں حکمران جماعت کی ایک رکن نے نبی کریم کی شان میں گستاخی کر کے دو ارب مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا اور اس سے دنیا کی آبادی کا ایک چوتھائی حصہ شدید غم و غصے میں اور عالم اسلام سراپا احتجاج ہے۔ اراکین نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے حضور نبی کریم (ص) کو رحمۃ للعالمین بنا کر بھیجا ہے، وہ تاابد رحمۃ للعالمین رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایوان صرف قرارداد منظور کرنے تک محدود نہ رہے، صرف تقریریں نہ ہوں بلکہ عمل بھی کیا جائے۔ اسلامی روایات میں گستاخ رسول کی سزا سزائے موت ہے۔ اس معاملہ کو او آئی سی، اقوام متحدہ میں اٹھایا جائے۔
پاکستان کی قومی اسمبلی کے اراکین کا کہنا تھا کہ اس موضوع پر ہندوستان سے بات کی جائے اور وہاں کےآئین 295 اے اور دفعہ 298 کے تحت گستاخ کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔ انہوں نے وزارت خارجہ سے مطالبہ کیا کہ وہ او آئی سی کی سطح پر اس معاملے کو اٹھائے اور ضرورت ہوئی تو فی الفور ہندوستان سے سفارتی تعلقات ختم کئے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ نبی کریم (ص) سے ہماری محبت ایمان کا حصہ ہے جو کچھ ہندوستان میں ہوا وہ ناقابل برداشت اور ناقابل معافی جرم ہے مگر یہ جرم بار بار ہو رہا ہے تاہم یاد رہے کہ مسلمانان عالم نبی (ص) کی شان میں ذدرہ برابر بھی گستاخی برداشت نہیں کر سکتے۔