مہنگائی کے خلاف عوام کو سڑکوں پر لانے میں کامیاب رہے عمران خان
پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان کی مہنگائی کے خلاف احتجاج کی کال پر پی ٹی آئی کارکنوں اور شہریوں نے اسلام آباد، لاہور اور کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج کیا۔
پاکستان کے سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے مہنگائی کے خلاف احتجاج کی کال دی تھی جس پر مختلف شہروں میں شہری اور پی ٹی آئی کارکنان بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے۔
بارش کے باوجود اسلام آباد میں کمرشل مارکیٹ پر بڑی تعداد میں تحریک انصاف کے کارکنان اور عوام جمع ہوئے اور حکومت اور مہنگائی کے خلاف خوف نعرے بازی کی۔
احتجاج میں رہنما تحریک انصاف، مراد سعید، علی محمد خان، پرویز خٹک اور قاسم سوری بھی شریک ہوئے۔
اسی طرح پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی لبرٹی چوک، راولپنڈی کی لال حویلی، ملتان، حیدرآباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ساہیوال، پشاور جب کہ شہر قائد شاہراہ قائدین پر تحریک انصاف کے کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
سابق وزیراعظم کے مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاج کے دوران ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ظلم و ناانصافی کے خلاف جہاد اور جہدو جہد ہماری اپنی بہتری کے لیے ہوتا ہے، جب ہم نا انصافی کے خلاف آواز اٹھاتے ہیں تو بہتری کے لیے کوشش کرتے ہیں، اس کی تین قسمیں ہیں، ہتھیاروں سے جہاد، دل میں کسی برائی کے خلاف کڑھنا اور نا انصافی کے خلاف آواز اٹھانا ہے، جمہوریت ہمیں احتجاج کا حق دیتی ہے۔
عمران خان کا کہنا تھاکہ اس لیے میں نے آج آپ سب کو احتجاج کی کال دی تھی کیونکہ مجھے خوف ہے کہ آنے والے دنوں میں مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا جس سے ہمارا نچلا طبقہ، سفید پوش لوگ اور تنخواہ دار افراد زیادہ متاثر ہوں گے اور خاص طور پر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھنے سے ہمارے کسان سب سے زیادہ متاثرہوں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد کے بعد ملک میں ایسا کیا ہوگیا ہے کہ مہنگائی کا طوفان آگیا ہے، پی ڈی ایم کے لوگ کہتے ہیں کہ عمران خان نے ملک میں بارودی سرنگیں بچھادی ہیں، پی ٹی آئی کے آئی ایم ایف سے سمجھوتے تھے جس کی وجہ سے مہنگائی ہے، ہماری حکومت جانے کے بعد تمام اشیا کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔