Jun ۳۰, ۲۰۲۲ ۱۵:۳۳ Asia/Tehran
  • دنیا بھر سے ایک ہزار چار سو کوہ پیما پاکستان پہنچ گئے

کوہ پیمائی کی بڑی مہم میں حصہ لینے کے لئے دنیا بھر سے ایک ہزار چار سو کوہ پیما پاکستان پہنچ گئے ہیں.

موسم گرما کی آمد کے ساتھ ہی پاکستان میں کوہ پیمائی کا سیزن شروع ہوگیا ہے۔اس سال بڑی تعداد میں کوہ پیما ملک کے مختلف علاقوں اور دنیا کے دیگر ممالک سے پاکستان پہنچے ہیں جو پاکستان میں موجود مختلف چوٹیوں کو سر کرنے اور پہاڑوں پر ٹریک کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

کوہ پیمائی کی اس مہم میں حصہ لینے کے لئے دنیا بھر سے پاکستان کے علاقے اسکردو بلتستان پہنچنے والے کوہ پیماؤں اورٹریکروں کی تعداد ایک ہزار چار سو بتائی گئی ہے۔

الپائن کلب آف پاکستان کے سیکریٹری کرار حیدری کے مطابق تین سو ستر سے زائد کی ریکارڈ تعداد میں کوہ پیما کےٹو سر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور اس کے علاوہ نانگا پربت، براڈ پیک، گیشربرم ون اور گیشر برم ٹو پر بھی ان کوہ پیماؤں کی نظریں ہیں۔

اس رپورٹ کے مطابق پاکستان کے نوجوان کوہ پیما شہروز کاشف نانگا پربت سر کرنے کے لیے بیس کیمپ پر پہنچ چکے ہیں ۔مشہور نیپالی کوہ پیما منمگا جی بھی پاکستان پہنچ چکے ہیں جبکہ یورپی ملک انڈورا کی اسٹیفی ٹروگیٹ، بنگلہ دیش کی واصفیہ ناظرین اور ایران کی افسانہ حسان فریدی، سعودی عرب کی نیلی عطار بھی کےٹو سر کرنے کے عزم کے ساتھ پاکستان آچکی ہیں۔

 

ٹیگس