Jul ۰۷, ۲۰۲۲ ۲۳:۱۳ Asia/Tehran
  • پاکستان نے ہندوستان کی فوج کے الزامات کو مسترد کر دیا

پاکستان نے ہندوستانی فوج کی جانب سے ملک پر عائد کئے گئے الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے دفترخارجہ نے ہندوستانی فوج کی جانب سے ملک پر ایک ڈوزیئر کے ذریعے عائد کیے گئے الزامات یکسر مسترد کردیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ہم اس جعلی اور من گھڑت ڈوزیئر کو مسترد کرتے ہیں جس کے سامنے آنے والے متن میں جھوٹی معلومات اور جعلی دعووں اور تصورات کا مقصد جموں و کشمیر میں ہندوستان کی اپنی ریاستی دہشت گردی اور وسیع پیمانے پر پھیلی ہوئی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لیے ہندوستان کی بدترین اور منظم مہم ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ حقیقت یہ ہے کہ گزشتہ چند دنوں میں ایسے متعدد واقعات کی اطلاع ملی ہے جہاں کشمیر، اودے پور اور دیگر علاقوں پر تشدد کرنے والوں اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے درمیان براہ راست روابطے کا انکشاف ہوا ہے۔

پاکستان کے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے باقاعدگی سے جامع شواہد پر مبنی ڈوزیئرز کے ذریعے جموں و کشمیر میں سخت قوانین کے ذریعے ہندوستانی افواج کی انسانی حقوق کی سنگین اور وسیع پیمانے پر خلاف ورزیوں کے ناقابل تردید ثبوت دنیا کے ساتھ جاری کیے ہیں۔

وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے دیے گئے ثبوت میں ہندوستان کی پاکستان میں دہشت گردی کی بڑے پیمانے پر سرگرمیوں کی منصوبہ بندی، مدد، حوصلہ افزائی، مالی معاونت اور عمل درآمد کی حقیقت کو جامع دستاویزی شکل دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان کی فوج نے 33 صفحات پر مشتمل دفاعی ڈوزیئر تیار کرلیا ہے جس میں پاکستان پر پڑوسی ملک کے خلاف ‘دہشت گردی کی منصوبہ بندی کے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔

ٹیگس