کراچی، متاثرہ عوام کی مدد کے لیے فوج تعینات کرنے کا فیصلہ، پیٹرول بحران کا خدشہ بڑھا
پاکستان کے آرمی چیف آف اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سعودی عرب سے براہ راست کراچی پہنچے اور انہوں نے بارشوں سے پیدا ہونے والی صورت حال کا فضائی جائزہ لیا۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستانی فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے کراچی میں حالیہ بارشوں سے پیداصورتحال کا فضائی جائزہ لیا جبکہ جنرل باجوہ کو سیلاب کی تازہ صورتحال اور سول انتظامیہ کو فوج کے تعاون پربریفنگ بھی دی گئی۔
آرمی چیف نے سول انتظامیہ کی مدد کے لیے فارمیشنز کے بروقت اقدامات کو سراہا اور ہدایت کی کہ کراچی کورعوام کی مدد کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے۔
آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید نے اُن کا استقبال کیا۔
دوسری جانب بارشوں کے دوران ماڑی پور اور پورٹ قاسم آئل ٹرمینل پرپانی جمع ہونے سے پیٹرول بحران پیدا ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
چیئرمین آل پاکستان آئل ٹینکرز اونرز ایسوسی ایشن میر شمس شاہوانی کے مطابق آئل ٹینکرز لوڈنگ ان لوڈنگ کے مقامات پر کئی فٹ بارش کا پانی جمع ہو نے سے پیٹرول بحران پیدا ہوسکتا ہے۔
شمس شاہوانی کا کہنا ہے کہ بارش کے پانی کی نکاسی نہ ہونے کی وجہ سے آئل ٹینکرزپھنس جاتے ہے،پچھلے 2 دن سے کسی بھی قسم کی سپلائی نہیں ہوئی، وفاقی و صوبائی حکومتوں کو صورتحال بہتر کرنے کیلئے جلد از جلد اقدامات کرنے ہو نگے۔
انہوں نے کہا کہ صورتحال پر قابو نہیں پا یا گیا تو ملک بھر میں پٹرول کا بحران پیدا ہو سکتا ہے اوراس کے نتیجے میں پیٹرول پمپس بھی بند ہو سکتے ہیں،سیوریج کا باقاعدہ نظام نہ ہونے کے باعث ماضی کی بارشوں میں بھی بھاری نقصان ہوچکا ہےجس کا آج تک ازالہ نہیں کیا جاسکا۔