پی ڈی ایم کا سپریم کورٹ کے فیصلے پر عوامی مہم چلانے کا فیصلہ
پاکستان میں ڈپٹی اسپیکر رولنگ کیس میں عدالتی حکم نامے کے بعد حکومتی اتحاد اور پی ڈی ایم نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف عوامی مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس مولانا فضل الرحمان کی صدارت میں ہوا جس میں لندن سے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال پنجاب میں تبدیلی اور عدالتی فیصلے پر تبادلہ خیال ہوا جبکہ مولانا فضل الرحمان نے عدلیہ فیصلے کے خلاف یوم سیاہ منانے کی تجویز دی۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم نے الیکشن کمیشن پر پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ جلد سنانے کا مطالبہ کیا۔ علاوہ ازیں پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پیپلز پارٹی اور اے این پی کو باقاعدہ پی ڈی ایم میں واپسی کی دعوت دیدی ہے۔
اجلاس میں مریم نواز، شاہد خاقان عباسی ، مریم اورنگزیب، آفتاب شیر پاو، اویس نورانی ، طاہر بزنجو،غفور حیدری و دیگر نے شرکت کی۔