پاکستان کے آرمی چیف آئی ایم ایف کے معاملے میں متحرک
پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بین الاقوامی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف سے قرض کے معاملے میں پوری طرح فعال ہوگئے ہیں
پاکستانی میڈیا ذرائع کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے آئی ایم ایف کے معاملے میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے حکام سے رابطہ کیا ہے۔ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس رابطے میں آئی ایم ایف کے پروگرام کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔
پاکستانی میڈیا ذرائع نے امید ظاہر کی ہے کہ اس رابطے کے بارے میں عنقریب اچھی خبر سامنے آسکتی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان کے آرمی چیف اس سے پہلے امریکا کی نائب وزیر خارجہ ونڈی شرمین سے گفتگو میں یہ مطالبہ کرچـکے ہیں کہ امریکا پاکستان کو قرض کی رقم کی جلد ادائیگی کے لئے آئی ایم ایف پر دباؤ ڈالے ۔ امریکا سے قرض کی ادائیگی کے لئے آئی ایم ایف پر دباؤ ڈالنے کےلئے آرمی چیف کی درخواست پر پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان نے سخت اعتراض کیا تھا ۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی اور اقتصادی امور کا فوج سے کوئی تعلق نہیں ہے اور ان معاملات میں فوجی مداخلت درست نہیں ہے۔