Aug ۰۷, ۲۰۲۲ ۰۹:۵۱ Asia/Tehran
  • پاکستان میں 8 محرم الحرام کے ماتمی جلوسوں کے لئے فول پروف سیکیورٹی

پاکستان میں 8 محرم الحرام کے ماتمی جلوسوں کیلئے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔

نواسۂ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام  اور ان کے اصحاب باوفا کی شہادت اور قربانیوں کی یاد میں  پاکستان کے تقریبا تمام چھوٹے بڑے شہروں میں مجالس عزا کے انعقاد اور عزاداری کا سلسلہ جاری ہے۔

مختلف شہروں میں علمائے کرام اور ذاکرین نے کربلا میں حضرت عباس عملدار، حضرت علی اکبر اور حضرت قاسم  کی شجاعت کے واقعات بیان کیے۔ نبیؐ کے گھرانے پر یزیدی فوج کے مظالم کا تذکرہ کیا گیا۔

ماتمی جلوسوں میں سوز و سلام کے ساتھ نوحہ خوانی بھی کی  جا رہی ہے اور امام عالی مقام کی فوج کے سپہ سالار حضرت عباس علمدار کے علم کی شبیہ اور امام حسین کے ذوالجناح کی شبیہ برآمد ہوئی۔

پاکستان کے دوسرے شہروں اور علاقوں کی طرح کراچی میں 8 محرم الحرام کے مرکزی جلوس کی تیاریاں جاری ہیں، 8 محرم الحرام کا مرکزی جلوس پاکستان کے مقامی وقت کے مطابق دوپہر ڈیڑھ بجے نشتر پارک سے برآمد ہو گا اور کھارادر حسینیہ ایرانیان امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوگا، جلوس کی گزرگاہوں پر عام ٹریفک کا داخلہ بند ہو گا۔

سیکیورٹی کے لیے نمائش اور اطراف کی سڑکوں پر کنٹینرز لگا دیے گئے ہیں، جبکہ پولیس کی زیرِ نگرانی کنٹینرز لگا کر جلوس کے راستوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جلوس کی گزرگاہ اور اطراف میں تمام دکانوں کو بھی سیل کیا جا رہا ہے۔

کراچی میں 8 محرم الحرام کے جلوس کے پیشِ نظر، گزر گاہوں پر موبائل فون سروس بند رہے گی۔ جبکہ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پہلے ہی پابندی عائد ہے۔

ادھرپنجاب کابینہ نے محرم الحرام کے لیے فول پروف سیکیورٹی پلان کو منظوری دے دی۔

صوبے میں 9 اور 10محرم کو ڈبل سواری پر پابندی ہوگی، حساس مقامات اور جلوسوں کے راستے پر موبائل سروس بھی بند رہے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ محرم کے جلوسوں اور مجالس کی سی سی ٹی وی کوریج یقینی بنائی جائے۔

 

ٹیگس