Aug ۱۴, ۲۰۲۲ ۰۰:۱۹ Asia/Tehran
  • مسلمانوں کی تاریخ کا سب سے بڑا سانحہ کربلا میں ہوا: عمران خان

عمران خان نے آج پاکستان کی 75 ویں آزادی کا جشن لاہور میں بڑے جلسہ عام منعقد کر کے منایا۔

 لاہور کے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں تحریک انصاف کے حقیقی آزادی کے بہت بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے سابق وزیراعظم اورتحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ اللہ صرف تجھ سے مدد مانگتے ہیں، انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے 75 سال پہلے کہا ہم انگریزکی غلامی سے نکل کر ہندوؤں کی غلامی میں نہیں جانا چاہتے، قائداعظم نے کہا ہم ایک آزاد ملک بننا چاہتے ہیں، جب پاکستان بن رہا تھا تو ایک نعرہ تھا پاکستان کا مطلب کیا اور تیرا میرا رشتہ کیا، ضمیر کا سودا کرنے والے راہِ حق سے ہٹ کر جھوٹے خدا کے سامنے جھکتے ہیں، خوف کا بت انسان کو غلام بنا دیتا ہے، غلام قوم کبھی بھی اوپرنہیں جاسکتی۔

عمران خان نے کہا کہ اسلام تلوار سے نہیں پھیلا، پہلے ذہنوں کے اندر انقلاب آیا تھا، ہم نے اپنے نبی ص کی سیرت پرچلتے ہوئے نوجوانوں کو پہلے ذہنی طور پر آزاد کرنا ہے، پاکستانیوں آج کل آپ پر خوف طاری کیا جارہا ہے، خوف کی غلامی سب سے خوفناک غلامی ہے، مسلمانوں کی تاریخ کا سب سے بڑا سانحہ کربلا میں ہوا، کوفہ کے لوگوں کو پتا تھا حضرت امام حسینؑ راہ حق پرہیں، کوفہ کے لوگوں نے یزید کے خوف کی وجہ سے حضرت امام حسینؑ کی مدد نہیں کی بعد میں پچھتائے، تیسرا خوف یہ ہے نوکری یا کاروبار نہ ختم ہو جائے، ان تین خوف کی وجہ سے انسان راہ حق پر چلنے سے ڈرتا ہے۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میں کسی ملک کے خلاف نہیں ہوں، امریکا، یورپ کی نفسیات کو جانتا ہوں، اگر ان کے پاؤں میں گریں گے تو وہ ہمیں استعمال کریں گے، اگر ہم ان کی چمچہ گیری کریں گے تو وہ ہماری عزت نہیں کریں گے، اگر ہم اپنے ملک کے مفاد کے لیے کھڑے ہوں گے تو ان کو اچھا نہیں لگے گا لیکن آپ کی عزت کریں گے، 26 سال پہلے بھی میری یہی پالیسی تھی، 26 سال پارٹی کا آغاز کیا تو میرا نصب العین یہی تھا میں خود کبھی کسی کے سامنے جھکا نہ اپنی قوم کو کسی کے سامنے جھکنے دوں گا اور میں امریکا سے دوستی چاہتا ہوں غلامی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکا سے دوستی کر رہا تھا لیکن غلامی کے لیے تیار نہیں تھا، امریکا نے پرویز مشرف کو جنگ میں شرکت کے لیے دھمکی دی تھی، بدقسمتی سے مشرف نے اس وقت گھٹنے ٹیک دیئے، جنگ میں شرکت پر پاکستانی قوم نے بھاری قیمت ادا کی، امریکا کی جنگ میں شرکت کر کے ہمارے فوجی، شہریوں نے قربانیاں دیں۔

پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ پاکستان  امریکا کا اتحادی تھا اور امریکا نے 400 ڈرون حملے کیے، انہوں نے کہا کہ قوم کے مفادات پرکسی قسم کا کمپرومائزکرنے کوتیارنہیں ہوں، پاکستان میں ہمارے سفیرسے ڈونلڈ لو نے ملاقات کی، ڈونلڈ لو نے پاکستانی سفیرسے کہا عمران خان کو ہٹانا ہو گا ورنہ نتائج بھگتنا ہوں گے، ڈونلڈ لونے کہا تمہارا وزیراعظم روس چلا گیا، مجھے پتا چلا تومیں نے کہا یہ کون ہوتے ہیں مجھے کہنے والے کیا میں غلام ہوں؟ 

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین عمران خان نے کہا  کہ  مجھے نا اہل کرنے کی سازش ہو رہی ہے اور سازش کرنے والے کان کھول کر سن لو میں کوئی ڈیل نہیں کروں گا، عوام میں نکلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اگلے ہفتے راولپنڈی میں جلسہ کروں گا اور اس کے بعد کراچی، اندرون سندھ ، پشاور، مردان، اٹک، ملتان، بہاولپور، سرگودھا، جہلم، گجرات، فیصل آباد اور کوئٹہ جاوں گا۔

 

ٹیگس