پاکستان میں آج پچھترواں یوم آزادی پورے ملی اور قومی جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔
پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور صوبوں کے مرکزی شہروں میں پرچم کشائی کی تقریبات منقعد ہوئیں اور ملک کی ترقی و پیشرفت کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں ۔
پاکستان کے صدرعارف علوی، وزیراعظم شہباز شریف اور حزب اختلاف کے رہنما عمران خان نے ملک کے پچھترویں یوم آزادی کے موقع پر قوم کے نام الگ الگ تہنیتی پیغامات ارسال کیے ہیں جن میں ملک کو اقتصادی اور سیاسی طور پر علاقائی طاقت میں تبدیل کرنے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔ اس موقع پر ملک کے قومی ترانے کی نئی ریکارڈنگ اور پچھتر روپے کا یادگاری نوٹ بھی جاری کیا گیا ہے۔
پاکستان کے عوام ایسے وقت میں ملک کا پچھترواں یوم آزادی منا رہے ہیں جب ملک کی مخلوط حکومت اور حزب اختلاف ایک دوسرے پر سیاسی بحران کو ہوا دینے اور معیشت کو نقصان پہنچانے کا الزام عائد کر رہی ہیں ۔ سیاسی مبصرین اندرون ملک جاری سیاسی کشمکش کے نتیجے میں پیدا ہونے والی معاشی خلیج کے مزید گہرا ہونے کا خدشہ بھی ظاہرکر رہے ہیں۔