Sep ۱۰, ۲۰۲۲ ۱۷:۴۵ Asia/Tehran
  • پاکستان میں سیلاب، یو این سیکریٹری جنرل کی صنعتی ملکوں پر نکتہ چینی

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے ترقی یافتہ ملکوں پر زور دیا ہے کہ وہ ایثار نہیں بلکہ انصاف کے تقاضے پورے کرتے ہوئے سیلاب سے متأثر پاکستان کی مدد کریں۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق سکھر میں سیلاب کے بارے میں سرکاری بریفینگ میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ روایتی ایندھن استعمال کرنے والے بڑے ملکوں کی ترقی کی قیمت، پاکستان اور دیگر ترقی پذیر ممالک ادا کر رہے ہیں۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے امریکہ اور دیگر صنعتی ملکوں کا نام لیے بغیر کہا کہ "روایتی ایندھن کا استعمال بڑے ملکوں نے کیا ہے، ان کا، کیا دھرا پاکستان اور دیگر ممالک کو بھگتنا پڑ رہا ہے"۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے زور دے کر کہا کہ انصاف کا تقاضا یہ ہے کہ عالمی برادری سیلاب سے متاثرہ پاکستان کی بھرپور مالی امداد کرے۔

ماہرین کے مطابق پاکستان کا شمار ان ممالک میں ہے جہاں گرین ہاؤس گیس کی پیداوار کی شرح تو ایک فیصد سے بھی کم ہے لیکن ماحولیاتی تبدیلی سے متاثر ہونے والے بدترین ملکوں میں اس کا شمار کیا جاتا ہے۔
پاکستان گرین ہاؤس گیسز کے اثرات سے ہونے والی گلوبل وارمنگ کے نقصانات پر دنیا کے امیر ممالک سے امداد کا تقاضا کر رہا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ امیر ممالک عموماً موسمیاتی تبدیلیوں سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ کرنے سے انکار کرتے آئے ہیں۔ امریکہ، جرمنی، فرانس، جاپان اور برطانیہ دنیا میں گرین ہاوس گیسز پیدا کرنے والے بڑے ممالک ہیں۔ 

ٹیگس