Sep ۳۰, ۲۰۲۲ ۱۳:۰۸ Asia/Tehran
  • پاکستان: وزیراعظم ہاؤس سے آڈیو لیک کی تحقیقات، حفاظتی انتظامات سخت

وزیر اعظم ہاؤس میں نیا سائبر سیکیورٹی ڈپارٹمنٹ قائم کیا جارہا ہے ۔

پاکستان میں وزیراعظم ہاؤس سے آڈیو لیک کی تحقیقات کے لیے تشکیل دی گئی اعلیٰ اختیارات کی حامل کمیٹی نےآڈیو لیکس سے مستقبل میں ہمیشہ کے لیے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے وزیراعظم ہاؤس کی مکمل جانچ پڑتال کی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ کمیٹی کے ممبران نے عمارت کا جائزہ لیا، وزیر اعظم ہاؤس اور آفس کے تمام ملازمین اور افسران کے موبائل اور لیپ ٹاپ مانیٹر کیے جارہے ہیں۔

وزیراعظم آفس کے نئے معیاری آپریٹنگ طریقہ کار کے مطابق کسی بھی عملے اور افسر کو عمارت کے اندر موبائل فون لے جانے کی اجازت نہیں ہو گی، ذرائع کا کہنا تھا کہ تمام عملہ وزیراعظم ہاؤس کے داخلی دروازے پر اپنے موبائل فون جمع کروائے گا اور دفتری اوقات ختم ہونے کے بعد دفتر سے واپس جاتے ہوئے یہ انہیں دے دیے جائیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پریس کانفرنس کے دوران آڈیو لیک کو سنگین سیکیورٹی بحران قرار دیا تھا، انہوں نے کہا تھا کہ وزیراعظم ہاؤس کی سیکیورٹی کے حوالے سے اعلیٰ اختیاراتی انکوائری کمیٹی تشکیل دینی چاہیے۔

دوسری جانب وزیر اعظم ہاؤس میں نیا سائبر سیکیورٹی ڈپارٹمنٹ قائم کیا جارہا ہے جس کے سربراہ ڈائریکٹر جنرل ہوں گے، ویٹرز سمیت نچلے درجے کے تمام عملے پر کڑی نظر رکھی جائے گی اور وزیراعظم شہباز شریف تک ان کی رسائی بھی محدود کردی گئی ہے۔

اسی دوران وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملک کے ریاستی اداروں نے وزیراعظم ہاؤس کی سیکیورٹی کو محفوظ بنانے کے لیے عمارت کا معائنہ کیا ہے، انہوں نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وزیراعظم ہاؤس کی سیکیورٹی کے ایس او پیز میں تبدیلی کی گئی ہے، جدید ٹیکنالوجی بالخصوص سائبر سیکیورٹی کے تناظر میں قانون سازی کی سخت ضرورت ہے۔

انہوں نے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں آڈیو لیکس کے معاملے پر تفصیلی جائزہ لیا اور مستقبل کے حوالے سے فیصلے اور ترجیحات کا بھی تعین کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے اور ہمیں اپنی ریاستی قوانین اور بنیادی انسانی حقوق کے درمیان توازن قائم رکھتے ہوئے آگے بڑھنا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کے ساتھ ساتھ سابق وزیراعظم عمران خان کی آڈیو لیک ہوئی تھیں۔

ٹیگس