Oct ۰۶, ۲۰۲۲ ۲۲:۰۲ Asia/Tehran
  • پاکستانی وزیر اعظم نے عمران خان پر سازش کے الزامات عائد کر دیئے

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے حالیہ ہفتوں میں سامنے آنے والے آڈیو لیکس پر چیئرمین پاکستان تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ 5 ماہ سازش کے بیانے پر قوم کو کنفیوژ کیا گیا اور اب سازش کا تانا بانا عمران خان سے مل چکا ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کو مخاطب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ اگر مجھے کسی اور کی آڈیو لیک کرنی ہوتی تو میں اپنی آڈیو لیک کیوں کرتا۔

انہوں نے کہا کہ 3 اپریل 2022 کی بات ہے جب عدم اعتماد کی قرارداد پر ووٹنگ ہونی تھی، ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری ایوان چلا رہے تھے تو اس وقت کے وزیر اطلاعات نے کھڑے ہو کر کہا کہ اس حکومت کے خلاف سازش ہوئی تھی، اس سازش کے تانے باتے غیر ملکی طاقتیں اور تحریک لانے کی اپوزیشن سے ملتے ہیں۔

پاکستان کے وزیر اعظم نے کہا کہ عمران خان ٹی وی پر نمودار ہوئے اور کہا کہ اسمبلی توڑ رہا ہوں، 20 منٹ کے اندر صدر پاکستان نے اسمبلی توڑنے کی سمری منظور کردی۔

شہباز شریف نے کہا کہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر نے وزیر اطلاعات کی زبانی سازش کی جو کہانی بیان کی، اس کو من وعن مان کر قرارداد فوراً مسترد کردی اور اسمبلی برخاست کرنے کی سمری بھیجنے کی اطلاع فوری بھیج دی گئی۔

شہباز شریف نے کہا کہ آج سازش کا تانا بانا عمران خان کے ساتھ مل چکا ہے، یہ بات میں الزام کی بات نہیں کر رہا بلکہ ٹھوس شواہد کی بنیاد پر کہہ رہا ہوں کیونکہ جو آڈیو لیک آئی ہے، اس میں عمران خان نے کیا کہا ہے کہ کھیل کھیلنا ہے اور نام نہیں لینا کس کا امریکا کا تو پھر آڈیو میں کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بدترین بددیانتی کی گئی، خیانت کی گئی، قوم کے اعتماد کے ساتھ کھیلا گیا، وطن کا وقار ایسے سفاکانہ اور بدترین طریقے سے مجروح کیا گیا کہ تاریخ میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی کیونکہ ملک کی 75 سال کی تاریخ میں بڑے بڑے واقعات ہوئے مگر ان واقعات کے ساتھ اس طرح وطن کی اہمیت اور عزت کو اس طرح مجروح نہیں کیا گیا۔

پاکستان کے وزیر اعظم نے کہا کہ ایک سنگین واردات کی گئی اور سنگین کھیل کھیلا گیا کیونکہ ہوبہو الفاظ ہیں کہ ہم نے کھیلنا ہے، نام نہیں لینا تو قوم بتائے کہ کوئی ابہام رہ گیا کہ اصل مکروہ سازش کس نے کی اور وہ چہرے کون ہیں، عمران خان اور سازشی ٹولہ ہے۔

ٹیگس