Oct ۰۷, ۲۰۲۲ ۱۰:۳۹ Asia/Tehran
  • عمران خان کا لانگ مارچ سیاسی نہیں سازشی ہے: پاکستانی وزیر اعظم

پاکستان تحریک انصاف کے اسلام آباد میں ممکنہ لانگ مارچ سے قبل مسلم لیگ (ن) کی سینئر قیادت نے اس ملک کے وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر قیادت وفاقی حکومت کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔

اسلام آباد میں پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے منصوبے کو ریاست کے خلاف سازش قراردیا۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان میں شرکا نے کہا کہ عمران خان کا یہ مارچ سیاسی نہیں سازشی ہے اور عمران خان کے لانگ مارچ اور ان کی سازش سے قانون کے تحت نمٹنے کے لیے وزیر اعظم شہباز کو مکمل اختیار دے دیا۔

اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ حکومت سائفر آڈیو لیکس میں ملوث افراد کو سزا دے گی، اجلاس میں عمران خان کی مبینہ آڈیو لیک کے حوالے سے خیال ظاہر کیا گیا کہ عمراں خان کی بین الاقوامی سازش کا بیانیہ ان کی اپنی آڈیو لیکس نے غلط ثابت کردیا ہے، اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وہ ’سائفر پلاٹ‘ کی تحقیقات اور ملوث افراد کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان نے ہمارے اوپر امپورٹڈ حکومت، ملک کا سودا کرنے، ضمیر فروش نجانے کیا کیا الزامات لگائے، جس کا کوئی وجود نہیں تھا، اس سے زیادہ گھناؤنی سازش اور کوئی ہو ہی نہیں سکتی۔

انہوں نےدعوی کیا کہ عمران خان نے افواج پاکستان کو تقسیم کرنے کی کوشش کی، ریاست پاکستان کے خلاف غداری کی سازش کی، عمران خان کے خلاف کابینہ انکوائری کمیٹی بنا چکی ہے، آئین و قانون کے مطابق کارروائی ہوگی، اگر یہ شخص پاکستان پر دوبارہ مسلط ہوا تو یہ پاکستان کو تباہ کردے گا۔

واضح رہے کہ اسلام آباد پولیس نے ایک ہزار 100 سے زائد کنٹینرز اکٹھے کرلیے ہیں، جبکہ کئی کنٹینرز پہنچ بھی دیئے گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دھرنے کے ممکنہ اعلان کے بعد دارالحکومت کو ایک ہفتے کے لیے مکمل سیل کر دیا جائے گا ۔ اس دوران اسلام آباد کے اسکول و کالجوں میں چھٹیاں کرنے کے علاوہ امتحانات بھی ملتوی کردیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد پولیس کو 25 ہزار کی اضافی نفری فراہم کی جائے گی جب کہ ان کے پاس 50 ہزار ربر کی گولیاں بھی ہوں گی۔

سیکورٹی اداروں کو 60 ہزار سے زائد آنسو گیس کے شیل فراہم کر دیے گئے  ہیں ۔ ساتھ ہی اسلام آباد پولیس کو 10 ڈرون بھی فراہم کیے جائیں گے، جن کے ذریعے شیل مظاہرین پر پھینکے جا سکتے ہیں۔

ٹیگس