Oct ۰۷, ۲۰۲۲ ۱۹:۰۰ Asia/Tehran
  • ہماری حکومت امریکی سازش کے تحت گرائی گئی ، عمران خان

پاکستان کے سابق وزیراعظم نے ایک بار پھر کہا ہے کہ انکی حکومت کا خاتمہ امریکی سازش کا نتیجہ تھا۔

میانوالی میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ امریکی سازش اور اندرونی ہینڈلرز کے ساتھ مل کر وہ حکومت گرائی گئی جو ملک کو ترقی کے راستے پر لے جارہی تھی۔
انہوں نے دہشت گردی کے خلاف امریکی جنگ میں شمولیت کو سابق حکمرانوں کی غلامی کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ گیارہ ستمبر کے واقعے میں صرف ساڑھے تین ہزار لوگ مارے گئے تھے جبکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شمولیت کے بعد اسّی ہزار پاکستانیوں کو جان سے ہاتھ دھونا پڑا ہے۔
تحریک انصاف کے سربراہ نے اپنے خلاف توہین مذہب کے الزامات کو حکومت کی سازش قرار دیتے ہوئے دعوی کیا کہ توہین مذہب کے الزامات کے پیچھے مریم نواز، مریم اورنگزیب اور جاوید لطیف کا ہاتھ ہے۔
انہوں نے کہا اس الزام کا مقصد یہ ہے کہ اگر مجھے قتل کردیا گیا تو یہ کہا جائے گا کسی مذہبی جنونی قتل کیا ہے۔ 
عمران خان نے اپنی آڈیولیکس کوجعلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈیپ فیک آڈیو بنانا کوئی مشکل کام نہیں، تاہم انہوں نے انٹیلی جینس ایجنسیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر وزیر اعظم ہاؤس سے ساری چیزیں لیک ہو رہی ہیں تو ذمہ داری آپ کی ہے کہ وزیراعظم ہاؤس کو محفوظ بنائیں۔

ٹیگس