پاکستان بھی روس سے خرید سکتا ہے تیل، بڑا عندیہ
پاکستان کے وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے کہا ہے کہ اگر ہندوستان، روس سے تیل خرید سکتا ہے تو ہمارا بھی حق بنتا ہے کہ ان سے تیل لیں اور ہمیں اس سے روکنے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔
سحر نیوز/ پاکستان: اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر اور پاکستان کے وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے کہا کہ اگر ہمیں روس سے ہندوستان کی نسبت کم قیمت پر تیل ملا تو ضرور لیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ آنے والے ہفتوں میں لوگوں پر مہنگائی کا بوجھ کم ہوگا کیونکہ یہ کوئی سوئچ نہیں کہ بند کرنے سے مہنگائی ختم ہوجائے گی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر ہندوستان، روس سے تیل خرید کر سکتا ہے تو ہمارا بھی حق بنتا ہے کہہ تیل خریدیں اور ہمیں اس سے روکنے کا کوئی جواز نہیں بنتا کیونکہ یہ ہمارا بنیادی حق ہے، اگر ہمیں روس سے ہندوستان کی نسبت کم قیمت پر تیل ملا تو ضرور لیں گے اور یہ بات واشنگٹن میں موجود حلقوں تک بھی پہنچائی جاچکی ہے۔
پاکستان کے وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت میں آنے کے بعد تین برس میں دنیا نے پاکستان کی معاشی ترقی کی تعریف کی اور مالی سال 2016 اور 2017 میں ہمارے پاس اسٹیٹ بینک میں غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر 24 ارب ڈالر تھے جبکہ معاشی ترقی کی شرح 6 فیصد پر پہنچ چکی تھی۔
اسحٰق ڈار نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ ملک کی سیاسی جماعتیں مل کر کام کریں اور 2030 میں اس مقام تک پہنچنا چاہیے جس کے لیے ہمیں سخت محنت کرنا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ہماری کم سے کم ضروریات 16.2 ارب ڈالر ہیں، حکومت سیلاب متاثرین کی معاونت کے لیے اپنے طور پر اقدامات کر رہی ہے، 98 فیصد لوگوں کو نقد امداد دی جا چکی ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ 2030 کے پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، فروری 2016 میں جو ایجنڈا بنایا تھا ہمارے اہداف اب بھی اس سے پیچھے ہیں۔