پاکستان کے معروف صحافی اور اینکر پرسن ارشد شریف کینیا میں گولی لگنے سے جاں بحق
پاکستان کے معروف صحافی اور اینکر پرسن ارشد شریف کو کینیا کی پولیس نے شناخت میں غلطی کے نتیجے میں سر میں گولی مارکر قتل کردیا۔
پاکستانی میڈیا نے کینیا کے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ صحافی ارشد شریف کو اتوار کی رات نیروبی میگاڈی ہائی وے کی ایک چیک پوسٹ پر پولیس نے سر میں گولی ماردی جس سے وہ جاں بحق ہوگئے ۔ کینیا کے سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے شناخت میں غلطی کی بنا پر ان پر فائرنگ کی۔
کینیا کے ذرائع کا کہنا ہے کہ نیروبی کے علاقے پنگانی میں ایک بچے کو یرغمال بنانے کے واقعے کے بعد پولیس کو اغوا شدہ بچےکو لے جانے والی گاڑی روکنے کے احکامات موصول ہوئے۔ پولیس، چیک پوسٹ پر گاڑیوں کی چیکنگ کر رہی تھی کہ اس دوران پاکستانی صحافی ارشد شریف کی گاڑی وہاں سے گزری جو اغوا شدہ بچے کو لے جانے والی گاڑی سے مشابہ تھی۔
کینیا کی پولیس کا کہنا ہے کہ ارشد شریف کی گاڑی کو رکنے اور شناخت ظاہر کرنے کا حکم دیا گیا لیکن مبینہ طور پر گاڑی نہ رکی تو پولیس نے اس کا پیچھا کیا اور پھر فائرنگ کردی۔ ارشد شریف کی ناگہانی موت پر پاکستان کے صدر ،وزیر اعظم ، اپوزیشن رہنما عمران خان اور سینیئر سیاستدانوں سمیت مختلف حلقوں نےگہرے دکھ کا اظہار کیاہے ۔
واضح رہے کہ صحافی ارشد شریف پر تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کا انٹرویو نشر کرنے کی وجہ سے سخت دباو تھا اور اسی لئے انہوں نے کینیا جانے کا فیصلہ کیا عجو ان کی موت کا سبب بنا۔