Oct ۲۸, ۲۰۲۲ ۲۱:۵۶ Asia/Tehran
  • پاکستان، لانچ مارچ کے بعد اپوزیشن اور حکومت، آمنے سامنے، کھل کر ہو رہی ہے بیان بازی

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کی خاطر چپ ہوں ورنہ میں ڈی جی آئی ایس آئی کو جواب دے سکتا ہوں۔

سحر نیوز/ پاکستان: لاہور میں لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس آئی نے کل پریس کانفرنس میں کہا ہم سیاست نہیں کرتے، اس سے زیادہ سیاسی پریس کانفرنس تو شیخ رشید بھی نہیں کرتا۔

عمران خان نے کہا کہ آپ پریس کانفرنس میں غیر جانب دار نہیں رہے، سارا نشانہ میں تھا آپ نے چوروں کے ٹولے پر کیوں بات نہیں کی؟ میں وہ باتیں جانتا ہوں، صرف ملک اور اداروں کی خاطر چپ ہوں، بولتا نہیں کیوں کہ ملک کا نقصان نہیں چاہتا۔

 عمران خان نے کہا کہ میں نواز شریف کی طرح نہیں ہوں جو یہاں چپ رہے اور لندن جاکر فوج پر تنقید کرے، میرا تو جینا مرنا یہیں ہے، آزاد ملک کے لیے طاقتور فوج چاہیے، فوج کی کمزوری سے ملک کمزور ہوتا ہے، ہماری تنقید تعمیری اور آپ کی بہتری کے لیے ہے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ میں بہت کچھ کہہ سکتا ہوں آپ کو جواب دے سکتا ہوں لیکن اداروں کو کمزور نہیں کرنا چاہتا، میں نے آج تک کوئی غیر آئینی کام نہیں کیا، صرف شفاف الیکشن چاہتا ہوں۔

ادھر وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا لانگ مارچ اگر پرامن رہا تو اسلام آباد میں داخل ہونے سے نہیں روکیں گے۔

ٹوئٹر اسپیس میں بات کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے عوامی سطح پر وعدہ کیا ہے کہ وہ اسلام آباد میں ریڈ زون میں داخل نہیں ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کہہ چکے ہیں وہ سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے متعین مقامات تک محدود ہوں گے۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ اگر وہ پرامن رہے تو ہم انہیں نہیں روکیں گے تاہم خبردار کیا کہ دوسری صورت میں وہ مکمل طاقت سے جواب دیں گے۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی ائی) کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمارا مارچ حکومت گرانے کے لیے نہیں ہے بلکہ عوام کے لیے تبدیلی آنی چاہیے تاکہ ان کو حقوق ملیں۔

جیونیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ قوم تقدیر بدلنے کے لیے عوام نکلے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم عوام کو متحرک کرنے نکلے ہیں اور ہمارا مقصد دارالحکومت پر حملہ کرنا نہیں ہے بلکہ حکومت کو سمجھانا ہے کہ لوگ ان سے نالاں ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں حکومت نئے انتخابات کا اعلان کریں۔

اس سے پہلے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے ٹی وی چینلز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ لانگ مارچ اور پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی تقریروں سمیت دیگر پروگراموں کو براہ راست نشر نہ کیا جائے۔

ٹیگس