پی ٹی آئی جلسہ کرسکتی ہے مگر 39 شرائط کے ساتھ ، نہ نو من تیل ہوگا، نہ رادھا ناچے گی
اسلام آباد کی انتظامیہ نے پی ٹی آئی کے جلسے کے لئے انتالیس شرائط پر مبنی بیان حلفی طلب کرلیا ہے۔
پاکستانی میڈیا ذرائع کے مطابق اسلام آباد کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حلف نامے پر پی ٹی آئی چیئر مین عمران خان کے دستخط ہونے چاہئیں۔ اسلام آباد انتظامیہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ جلسے کی اجازت صرف ایک دن کے لئے دی جائے گی اور اسٹیج پر بارہ افراد کون ہوں گے ان کے ناموں کی بھی اجازت لینی ہوگی ۔
اسلام آباد انتظامیہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ جلسے میں لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کی اجازت نہیں ہوگی اور مذہب سے متعلق بیان بازی سے بھی گریز کرنا ہوگا۔اسلام آباد انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جلسے میں کسی بھی قسم کا اسلحہ لانے کی اجازت نہیں ہوگی اور منتظمین اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ جلسے میں قومی یا کسی پارٹی کا پرچم نذرآتش نہیں کیا جائے گا۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں جلسے اور دھرنے کی اجازت نہ دینے کی درخواست پر سماعت کی اور فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔