سپریم کورٹ نے عمران خان پر حملے کی ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دے دیا
اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کی جانب سے دھرنے اور جلسے کی اجازت نہ ملنے کے خلاف درخواست میں ریمارکس دیے ہیں کہ فریقین معاملات طے کرلیں، ورنہ عدالت دیکھے گی۔
سحر نیوز/پاکستان: سپریم کورٹ آف پاکستان نے آئی جی پنجاب فیصل شاہ کار کو چیئرمین پی ٹی آئی، سابق وزیرِ اعظم عمران خان پر حملے کی ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دے دیا۔
چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال نے اپنے حکم میں آئی جی پنجاب سے کہا کہ 24 گھنٹے میں ایف آئی آر درج کریں ورنہ سو موٹو لیں گے۔
آئی جی پنجاب فیصل شاہ کار نے جواب دیا کہ حکومتِ پنجاب نے ایف آئی آر درج کرنے سے منع کیا ہے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ کریمنل جسٹس سسٹم کے تحت پولیس خود ایف آئی آر درج کر سکتی ہے، 90 گھنٹے سے زائد کا وقت گزر گیا اور ابھی تک ایف آئی آر ہی درج نہیں ہوئی، فی الحال ازخود نوٹس نہیں لے رہے، 24 گھنٹے میں ایف آئی آر درج نہ ہوئی تو سوموٹو لیں گے۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی کی جانب سے جلسے اور دھرنے کی اجازت نہ ملنے کے خلاف درخواست کی سماعت جسٹس عامر فاروق نے کی ۔ اس سلسلے میں اسلام آباد انتظامیہ نے بھی متفرق درخواست دائر کررکھی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف کو جلسے کی اجازت نہیں دے سکتے۔
دوران سماعت عدالت نے اسٹیٹ کونسل کے نمائندے سے استفسار کیا کہ آپ نے کوئی درخواست دی ہے؟، جس پر نمائندہ اسٹیٹ کونسل نے عدالت کو بتایا کہ پی ٹی آئی کے جلسے کی درخواست غیر مؤثر ہو چکی ہے، لہٰذا جلسے اور دھرنے کی اجازت کی درخواست خارج کردی جائے۔
عدالت نے کہا کہ افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے، ان کو کچھ وقت دے دیتے ہیں۔ دوران سماعت جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ فریقین بیٹھ کر طے کر لیں، وگرنہ عدالت دیکھے گی۔ بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیس کی مزید سماعت جمعہ تک ملتوی کردی۔
در ایں اثناء وفاقی پولیس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ دارالحکومت میں بلااجازت احتجاج کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعت کے رہنماؤں نے وفاقی دارالحکومت کے آمد و رفت کے راستے بند کرنے کا اعلان کیاہے، جس سے اسلام آباد کے شہریوں ، طلبہ اور مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ پولیس کی جانب سے اس سلسلے میں شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سفر شروع کرنے سے پہلے شاہراہوں کی تازہ ترین صورتحال جاننے کے لیے پکار 15 پر کال کریں۔