فوج ہماری ہے اس کے خلاف نہیں جاسکتے، عمران خان
پاکستان کے سابق وزیراعظم اور حزب اختلاف کی جماعت تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے اس تاثر کو سختی کے ساتھ مسترد کردیا ہے کہ وہ فوج کے خلاف جارہے ہیں۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق صحافیوں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ فوج ہماری ہے اوراس کے خلاف جانا ممکن نہیں۔
انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ نئے فوجی سربراہ کا تقرر بھی ان کا ایشو نہیں ہے۔
پی ٹی آئی کے چیئرمین نے کہا کہ ہم اپنے مطالبات پر قائم رہیں گے اور اسلام آباد سے الیکشن کی تاریخ لے کر واپس لوٹیں گے
اس سے پہلے صدر پاکستان کے نام اپنے خط میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے خود پر ہونے والے قاتلانہ حملے کے ذمہ داروں کے محاسبے کا مطالبہ کیا تھا۔
واضح رہے کہ تین نومبر کو لانگ مارچ کے دوران وزیر آباد میں قاتلانہ حملے میں سابق وزیرِ اعظم عمران خان زخمی ہوگئے تھے۔عمران خان پر قاتلانہ حملے کا مقدمہ اب تک درج نہیں ہوسکا ہے۔
درایں اثنا اطلاعات ہیں کہ پاکستان تحریک انصاف نے حکومت کے خلاف لانگ مارچ کا شیڈول ایک بار پھر تبدیل کردیا ہے اور اب منگل کے بجائے جمعرات سے لانگ مارچ دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔