عمران خان نے لانگ مارچ پھرشروع کرنے کا اعلان کردیا
پاکستان میں حزب اختلاف کی جماعت تحریک انصاف نے وزیراعظم شہباز شریف کی مخلوط حکومت کے خلاف لانگ مارچ دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
تحریک انصاف کے سینیئر رہنما فواد چودھری کے ٹوئٹ کے مطابق لانگ مارچ کل جمعرات سے دوبارہ شروع ہوگا تاہم عمران خان دو ہفتے کے بعد لانگ مارچ میں شریک ہوں گے۔
تحریک انصاف نے سابق وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں گزشتہ مہینے کے آخر میں لاھور سے لانگ مارچ کا آغاز کیا تھا جسے وزیرآباد میں عمران خان پر ہونے والے ناکام قاتلانہ حملے کے بعد روک دیا گیا تھا۔
دوسری جانب حکومت پنجاب نے سابق وزیراعظم پر ہونے والے ناکام قاتلانہ حملے کی تحقیقات کے لیے جوائنٹ انسٹی گیشن ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق جے آئی ٹی کی سربراہی ایڈیشنل آئی جی ہائی ویز پٹرول ریاض نذیر گاڑھا کرینگے اور دیگر ارکان میں متعلقہ ایجنسیوں کے نمائندے شامل ہوں گے۔