Nov ۱۰, ۲۰۲۲ ۱۵:۳۷ Asia/Tehran
  • پی ٹی آئی کا لانگ مارچ عمران خان کے بغیر شروع

پاکستان تحریک انصاف نے اسلام آباد کی جانب اپنے لانگ مارچ کا جمعرات سے دوبارہ آغاز کردیا ہے۔اور پارٹی کے نائب صدر شاہ محمود قریشی نے اس موقع پر عوام سے خطاب کیا۔

رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے کارکن وزیر آباد میں اس جگہ پر جمعرات کی صبح سے جمع ہونا شروع ہوگئے تھے جہاں سے مارچ کا دوبارہ آغاز کیا گیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے اس تعلق سے بدھ کی رات ایک ویڈیو پیغام میں لوگوں سے وزیر آباد پہنچنے کی اپیل کی تھی ۔ انھوں نے اس مارچ کو ایک بار پھر پاکستانیوں کے لئے حقیقی آزادی مارچ کا نام دیا ہے۔
رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ عمران خان نےاس ویڈیو پیغام میں ایک بار پھر اپنے اوپر ہوئے حملے کو منصوبہ بند قتل کی کوشش قرار دیا اور کہا کہ جس فوجی افسر کا نام وہ لے چکے ہیں ، اس کے علاوہ ایک اور فوجی افسر بھی اس قاتلانہ حملے کی منصوبہ بندی میں شریک تھا۔ انھوں نے کہا کہ جمعرات کو وزیر آباد میں لانگ مارچ سے خطاب میں وہ اس فوجی افسر کا نام بھی لیں گے ۔
انھوں نے دعوی کیا کہ یہ فوجی افسر بقول ان کے حملے والے دن آئی ایس آئی کے سینیئر فوجی افسر میجر فیصل نصیر کے ساتھ کنٹرول روم میں بیٹھ کر اس منصوبے پر عمل درآمد کی نگرانی کررہا تھا۔
یاد رہے کہ عمران خان نے اس سے پہلے اپنے اوپر قاتلانہ حملے میں وزیر اعظم شہباز شریف ، وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ اور آئی ایس آئی کے ایک سینیئر فوجی افسر میجر جنرل فیصل نصیر کو ملوث قرار دیا تھا اوراب ان کا کہنا ہے کہ ان کے قتل کے منصوبے میں تین نہیں بلکہ چار افراد ملوث ہیں ۔
دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کو پنجاب کی حدود میں فول پروف سیکورٹی فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
انھوں نے لاہور میں لانگ مارچ کےحفاظتی انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ہونے والے اعلی سطحی سیکورٹی اجلاس کی صدارت کے بعد کہا کہ لانگ مارچ کے شرکاء کی حفاظت کے لئے بہترین سیکورٹی انتظامات کئے گئے ہیں ۔
چودھری پرویز الہی نے کہا کہ کہ صوبہ پنجاب کی حدود میں لانگ مارچ کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ساتھ ہی ڈرون طیاروں کے ذریعے بھی نگرانی کی جائے گی ۔
انھوں نے کہا کہ پولیس کنٹرول روم چوبیس گھنٹے کام کرے گا اور متعلقہ ادارے ہر حال میں لانگ مارچ کی حفاظت کو یقینی بنائیں گے۔ انھوں نے بتایا کہ کنٹینر کے تحفظ کے لئے بلٹ پروف شیلٹر کا استعمال یقینی بنایا جائے گا۔

ٹیگس