Nov ۱۰, ۲۰۲۲ ۱۷:۵۲ Asia/Tehran
  • عمران خان نے پھرکہا، میری زندگی کو خطرہ ہے

پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان نے اپنی زندگی کو خطرے میں بتایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ان پر دوبارہ قاتلانہ حملہ ہوسکتا ہے۔

پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور  پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے ایک برطانوی ٹی وی اینکر کے ساتھ انٹرویو میں کہا کہ ان پر حملے کا مقصد، اشرافیہ کو بے نقاب کرنے سے روکنا تھا۔ انھوں نے کہا کہ یہ حملہ انہیں ہمیشہ کے لئے خاموش کرنے کے لئے کیا گیا تھا تاکہ ملک کی اشرافیہ کا حقیقی چہرہ سامنے نہ آسکے۔
انھوں نے کہا کہ ان پر حملہ کروانے والے بہت طاقتور لوگ ہیں اور وہ دوبارہ انہیں ختم کرنے کی کوشش کریں گے ۔ عمران خان نے اس انٹرویو میں کسی کا نام لئے بغیر کہا کہ انہیں اس بات کا خوف ہے کہ پی ٹی آئی آئندہ انتخابات میں کلین سویپ کرے گی۔
انھوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ بقول ان کے پاکستان میں انصاف نہیں ہے کہا کہ یہ افسوسناک ہے کہ حملے کے بعد وہ ان تین افراد کے خلاف مقدمہ درج نہیں کرواسکے جن کے نام انھوں نے لئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان پر حملے میں دو افراد شامل تھے اور دوسرا مفرور ہے۔
عمران خان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ امریکہ بقول ان کے سپر پاور ہے اور وہ امریکہ کے ساتھ ویسے ہی تعلقات رکھنا چاہیں گے جیسے ہندوستان کے امریکہ کے ساتھ ہیں۔
 

ٹیگس