عمران خان پر حملے کے مقدمے کے لئے آئینی درخواست دائر
پاکستان تحریک انصاف نے سابق وزیراعظم عمران خان پر حملے کے مقدمے کے لئے سپریم کورٹ میں آئینی درخواست دائرکردی ہے
پاکستانی میڈیا کے مطابق پی ٹی آئی نے عمران خان پر حملے کے مقدمے کے لئے سپریم کورٹ کے ساتھ ہی لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ رجسٹری میں آئینی درخواست دائر کردی جس میں نامزد ملزمان کے نام شامل نہ کئے جانے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کی طرف سے درخواست شاہ محمود قریشی، عثمان بزدار، شفقت محمود اور دیگر پی ٹی آئی اراکین قومی اسمبلی نے دائر کی -
پی ٹی آئی کی درخواست میں اعظم سواتی کے واقعے پر کارروائی اور مقتول صحافی ارشد شریف کے لواحقین کی داد رسی کی بھی استدعا کی گئی ہے۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے رہنماؤں نے جوڈیشل کمیشن بنانے کی درخواست دائر کی ہے، بنابریں سپریم کورٹ ان معاملات پر سوموٹو نوٹس لے کے کارروائی کرے ۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ عمران خان پر حملے کی اعلی سطحی عدالتی تحقیقات کرائی جائیں اور تمام واقعات کے لئے جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے۔