سب 26 نومبر کو راولپنڈی پہنچیں، عمران خان نے کال دیدی
عمران خان نے کہا ہے کہ حقیقی آزادی کی تحریک سات ماہ پہلے شروع ہوئی، سات ماہ پہلے ہماری حکومت گرائی تب سے میں میدان میں ہوں۔
راولپنڈی کی تحصیل روات میں پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مجھے پتہ ہے کہ راولپنڈی میں میری جان کو خطرہ ہے۔ لیکن اس کے باوجود پوری قوم کو میں 26 نومبر کو راولپنڈی آنے کی کال دیتا ہوں اورمیں بھی اسی دن راولپنڈی پہنچوں گا۔
عمران خان نے مارچ کے شرکا کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ، حقیقی آزادی کی تحریک سات ماہ پہلے شروع ہوئی، سات ماہ پہلے ہماری حکومت گرائی تب سے میدان میں ہوں، ہم عوام کو جگا رہے ہیں،7 ماہ میں لوگوں میں شعور دیکھا، کبھی ایسے سین زندگی میں نہیں دیکھے تھے اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں، ایک جاگی ہوئی قوم اپنی آزادی کے لیے جدوجہد کرتی ہے۔ پہلے لانگ مارچ میں خواتین، بچوں نے شرکت کی، 25 مئی کے ظلم کو کبھی نہیں بھولوں گا، انہوں نے دعوی کیا کہ ہیومن رائٹس واچ کی رپورٹ کے مطابق شہبازشریف نے کئی سولوگوں کو مروایا، رانا ثنا نے 18 قتل کیے، یہ قبضہ گروپ ہے، انہوں نے 25 مئی کو ہمارے کارکنوں پر ظلم کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی ایسے جلسے نہیں ہوئے جیسے ہم نے کیے، لوگوں کو جیلوں میں ڈالا، ایف آئی آر کی بارش ہو گئی، جب انہوں نے مارچ کیے ہم نے کبھی رکاوٹ نہیں ڈالی، ہم نے ان کے احتجاج کو روکنے کے لیے کنٹینر نہیں لگائے، ہمیں ڈرانے کے لیے خوف کا ماحول بنایا گیا، میرے ملازمین کو خریدنے کی کوشش کی گئی، شہباز گل کو ایک جملہ کہنے پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا، شہباز گل کے ایک جملے پر ٹی وی چینل کو بند کر دیا گیا، اعظم سواتی کو برہنہ کر کے تشدد کا نشانہ بنایا گیا، اعظم سواتی کی ذاتی ویڈیو بنا کر اسے بھیجی گئی، اعظم سواتی پر تشدد کر کے مجھے پیغام دیا گیا کہ ایسا ہو گا، مجھ پر قاتلانہ حملہ کیا گیا جس کا مجھے پہلے ہی پتا تھا کہ تیاری ہو رہی ہے، مجھے کہا گیاکہ جلسے نہ کریں جان کو خطرہ ہے، میں سیاست کے لیے نہیں قوم کی حقیقی آزادی کے لیے نکلا ہوں۔