Nov ۲۱, ۲۰۲۲ ۱۴:۵۸ Asia/Tehran
  • چمن سرحد پر رفت و آمد بحال

پاکستان اور افغانستان کے درمیان چمن سرحد پیر سے دوبارہ کھول دی گئ ہے۔

پاکستان اور افغانستان کے درمیان چمن سرحد سے دو طرفہ تجارت اور مسافروں کی آمد ورفت بحال ہوگئی ہے۔
پاکستان کے کسٹم حکام نے بتایا ہے کہ چمن سرحد پر باب دوستی پر کسٹم کلیئرنگ اور امیگریشن کی کارروائی دوبارہ شروع کردی گئی ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق چمن سرحد کے باب دوستی سے وسطی ایشیا کے لئے پاکستانی پھلوں کی برآمدات اور افغانستان سے پاکستان کے لئے پیاز اور ٹماٹر کی درآمد کا سلسلہ پیر سے شروع ہوگیا ہے۔
کسٹم حکام نے بتایا ہے کہ بابِ دوستی سے سینٹرل ایشیاء کے لیے پاکستانی تازہ میوہ جات کی ایکسپورٹ بھی بحال ہو گئی ہے۔
پاکستان اور افغانستان کے درمیان اہم ترین تجارتی گزرگاہ چمن سرحد کو ایک ہفتے سے زائد عرصے کی بندش کےبعد کھولنے پر اتفاق ہوگیا ہے ۔
رپورٹ کے مطابق چمن سرحد پر باب دوستی کے دونوں طرف سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں ۔
یاد رہے کہ تیرہ نومبر کو چمن باڈر پر نا معلوم شخص کی فائرنگ میں ایک پاکستانی فوجی جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد سرحد کو بند کردیا گیا تھا ۔ اس واقعے کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی بھی بڑھ گئی تھی۔
رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ طالبان حکام نے اس واقعے میں ملوث افراد کو گرفتار کرکے سخت سزا دینے کا وعدہ کیا ہے۔ دونوں فریقوں نے مستقبل میں اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لئے ٹھوس اقدامات پر بھی اتفاق کیا ہے۔

ٹیگس