تحریک انصاف نے فیض آباد پہنچنے کی اجازت مانگ لی
پاکستان تحریک انصاف نے اسلام آباد انتظامیہ سے ریلی اور دھرنے کے لئے چھبیس نومبر کو فیض آباد راولپنڈی تک پہنچنے کی اجازت مانگ لی ہے۔
پاکستانی میڈیا ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو ایک درخواست دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد کے مختلف راستوں سے، فیض آباد راولپنڈی تک پہنچنے کی اجازت دی جائے ۔
پی ٹی آئی کی درخواست میں پریڈ گراؤنڈ میں ہیلی کاپٹر کی لینڈنگ اور ٹیک آف کی اجازت بھی طلب کی گئی ہے ۔
پی ٹی آئی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان ریلی میں شرکت کے لئے ہیلی کاپٹر سے پریڈ گراؤنڈ پہنچیں گے۔
بتایا گیا ہے کہ عمران خان پریڈ گراؤنڈ سے خصوصی کنٹینٹر میں سوار ہوکر ریلی کی قیادت کریں گے اور کچری چوک راولپنڈی میں خطاب کریں گے۔
قابل ذکر ہے کہ کچہری چوک سے دو فرلانگ کے فاصلے پر فوجی مراکز اور اہم دفاتر شروع ہوتے ہیں۔ عمران خان اپنے خطاب میں بعض اہم اعلانات کرنے والے ہیں اور کچھ پیغامات بھی دے سکتے ہیں ۔ خطاب کے بعد ان کا کاررواں مری روڈ سے فیض آباد کے لئے روانہ ہوگا۔
پی ٹی آئی کے ذرائع نے بتایا ہے کہ عمران خان پر قاتلانہ حملے کے خدشے کے پیش نظر ان کے کنٹینر میں حفاظتی انتظامات بڑھادیئے گئے ہیں۔
پی ٹی آئی ذرائع کے حوالے سے رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ چھبیس نومبر کی رات فیض آباد میں دھرنے کا آغاز ہوگا۔
دوسری طرف اسلآم آباد میں پی ٹی آئی کی ریلی اور دھرنے کے پیش نظر سخت حفاظتی انتظامات کئے جا رہے ہیں۔
رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ دھرنے سے پہلے ہی اسلام آباد کے ریڈ زون کو سیل کردیا جائے گا اور اہم شاہراہوں پہر سخت ترین پہرے اور ناکے لگائے جائیں گے ۔
سیکورٹی کے لئے اسلام آباد پولیس کے علاوہ ایف سی اور رینجرز کے اہلکاروں کو بھی تعینات کیا جارہا ہے۔ بعض جگہوں پر تعینات سیکورٹی اہلکارباڈی کیمروں سمیت جدید ترین ٹیکنالوجی وسائل سے لیس ہوں گے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ نے پولیس کو ہدایت دی ہے کہ شہریوں کو مشکلات سے بچانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے۔