Nov ۲۳, ۲۰۲۲ ۰۸:۱۹ Asia/Tehran
  • کون بنے گا پاکستان کا نیا آرمی چیف، 6 نام سامنے آ گئے

پاکستانی فوج کے جنرل ہیڈ کوارٹر جی ایچ کیو نے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی تعیناتی کے لیے اپنی سمری وزیر اعظم آفس ارسال کر دی ہے۔

سحر نیوز/پاکستان: پاکستان کے وزیر دفاع نے اپنے ٹوئیٹ میں کہا کہ سمری وزیر اعظم آفس کو موصول ہو چکی ہے اور اس کے باقی مراحل بھی جلد ہی طے کر لئے جائیں گے۔

اس سے قبل ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ جی ایچ کیو نے چیف آف آرمی اسٹاف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے تعیناتی کے لیے چھے سینئر موسٹ جنرلز کے نام وزارت دفاع کو بھیج دئے ہیں۔

پاکستانی ذرائع کے مطابق سمری میں سب سے پہلا نام لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کا ہے، جبکہ دیگر ناموں میں لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا، لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس، لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود، لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید اور لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر کے نام شامل ہیں۔

واضح رہے کہ ان دنوں پاکستان میں آرمی چیف کے انتخاب اور تعیناتی کی خبریں سرخیوں میں بنی ہوئی ہیں اور گزشتہ چند ہفتوں کے دوران اس حوالے سے حکمراں حلقے میں بڑے پیمانے پر صلاح و مشورے کا عمل بھی جاری رہا۔

پاکستانی آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت انتیس نومبر کو پوری ہو رہی ہے۔

وزارت دفاع جی ایچ کیو کی جانب سے بھیجے جانے والے ڈوزیئر کو وزیراعظم ہاؤس کو ارسال کرے گا، جس کے بعد حکومت اتحادیوں کی مشاورت سے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کا انتخاب کرے گی اور پھر اسے منظوری کیلیے صدر مملکت عارف علوی کے پاس بھیجا جائے گا۔

اہم تعیناتی اور دیگر ملکی سیاسی صورت حال پر غور کرنے کے لیے حکومت نے اتحادی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کا آج شام ایک اجلاس بلایا ہے جس کی صدارت وزیراعظم شہباز شریف کریں گے۔

در ایں اثنا پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ جو بھی آرمی چیف لگے گا وہ پاکستان کا آرمی چیف ہوگا۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے اس منصب کو غیر متنازع رکھنے کی پوری کوشش کی ہے اور آئندہ بھی کرے گی۔

اپوزیشن پارٹی کے رہنما کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو کسی نام پر تحفظات نہیں، مسئلہ لگنے والوں کی میرٹ کا نہیں لگانے والوں کی میرٹ کا ہے۔ فواد چوہدری کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان میں اسٹیبلشمنٹ نے اپنا رول بہت بڑھایا ہوا ہے، جس کی وجہ سے فیصلوں میں بھی اثر آتا ہے۔

ٹیگس