Nov ۲۶, ۲۰۲۲ ۰۸:۳۵ Asia/Tehran
  • پی ٹی آئی کے احتجاج کے سبب اسلام آباد کا ریڈ زون سیل

پی ٹی آئی کی جانب سے راولپنڈی میں آج بھرپور عوامی طاقت کا مظاہرہ کیا جائے گا جس میں شرکت کیلئے پاکستان بھر سے کارکن قافلوں کی صورت پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے سبب اسلام آباد کا ریڈ زون سیل کردیا گیا، پنڈی اور اسلام آباد کو ملانے والے فیض آباد انٹر چینج اور زیرو پوائنٹ پر کنٹینرز رکھ دیئے گئے۔

پولیس کے مطابق فیض آباد اور زیرو پوائنٹ کو مری روڈ سے اسلام آباد داخلے کے لیے بند کیا جارہا ہے اور اسے جزوی بند کیا جائے گا۔

کشمیر چوک سے ریڈ زون اور شہر کی جانب داخلے کو بھی جزوی طور پر بند کر دیا گیا۔

اس کے علاوہ 26 نمبر چونگی اور کورال چوک سے بھی جزوی طور پر داخلہ بند کیا گیا ہے۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے راولپنڈی میں آج بھرپور عوامی طاقت کا مظاہرہ کیا جائے گا جس میں شرکت کیلئے ملک بھر سے کارکنان قافلوں کی صورت پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔

انتظامیہ کی ہدایت پر پی ٹی آئی نے جلسہ گاہ کا مقام تبدیل کردیا جس کے بعد اب سکستھ روڈ فلائی اوور پر اسٹیج بنایا گیا جبکہ پنڈال چاندنی چوک تک لگایا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کو 26 نکات پر جلسے کی اجازت دے دی ہے جس کے مطابق پی ٹی آئی کو رات بارہ بجے سے پہلے جلسہ گاہ کو خالی کرنا ہوگا۔

در ایں اثنا ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی قیادت کو تھریٹ الرٹ کے حوالے سے آگاہ کردیا ہے، جس کے تحت پنڈال اور جلسہ گاہ کے اطراف میں فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔

جلسے کی حفاظت کے لیے 7 ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا جبکہ بلند مقامات پر اسنائپرز بھی موجود ہوں گے۔

پی ٹی آئی قائدین نے واضح کیا ہے کہ عمران خان اور پنڈی مارچ کی سکیورٹی کی ذمہ داری حکومت کی ہے اگر کچھ ہوا تو اس حکومت اور وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کو ذمہ دار سمجھا جائے گا۔

ادھر راولپنڈی کے چاروں بڑے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے تمام آپریشنز ملتوی اور ڈاکٹرز کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔

ٹیگس