خوف کے بت کو پاش پاش کرنے کا درس ہمیں حضرت امام حسین ع نے دیا: عمران خان
عمران خان نے کہا ہے کہ ظالم کے آگے سر نہ جھکانے کا درس ہمیں حضرت امام حسین ع نےدیا ہے۔
پاکستان کے سابق وزیراعظم اور تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے آج راولپنڈی میں حقیقی آزادی مارچ کے بہت بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خوف کے بت کو پاش پاش کرنے کا درس ہم نےحضرت امام حسین ع سے لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام نے یزید کے خلاف قیام کیا اور کوفہ کے لوگوں کو معلوم تھا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام حق پر ہیں لیکن یزید کے ظلم و ستم اور خوف کی وجہ سے انہوں نے حضرت امام حسین علیہ السلام کا ساتھ نہیں دیا جس کی وجہ سے آخر تک وہ پچھتائے اور ظلم و ستم کی چکی میں پستے رہے۔
عمران خان نے کہا کہ مسلمانوں کی تاریخ کا سب سے بڑا سانحہ کربلا میں رونما ہوا اور اگر کوفہ کے لوگ اس وقت حضرت امام حسین علیہ السلام کا ساتھ دیتے اور حق والوں کی صفوں میں شامل ہو جاتے تو حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے اصحاب، شہید نہ کئے جاتے اور یہ سانحہ رونما نہ ہوتا۔
کوفے کے مسلمانوں کے خوف نے ہی کربلا جیسا سانحہ جنم دیا
عمران خان نے کہا کہ ہمیں بھی حضرت امام حسین علیہ السلام کی طرح ظلم و خوف کے بت کو پاش پاش کرنا ہے اور اگر ہم نے یہ کام کیا تو پھر ہم امریکہ کی غلامی سے آزاد ہو جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی آزادی کی اس تحریک میں آپ سب کو شامل ہونا ہے۔
عمران خان نے زخمی ہونے سے پہلے شیخوپورہ میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ حضرت امام علی (ع) نے فرمایا تھا کہ حکومت کفر سے تو قائم رہ سکتی ہے ظلم سے نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ظلم اور امریکی مداخلت کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں اور ہم امریکی غلاموں کے خلاف ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ امریکہ کون ہوتا ہے کہ ہمیں ڈکٹیشن دے ہم امریکی ڈکٹیشن میں آنے والے نہیں، اس لئے اب امریکہ کو معلوم ہونا چاہئیے کہ اب پاکستان بدل چکا ہے اور پاکستانی عوام امریکہ کے غلام نہیں ہیں بلکہ اب ہم صرف اور صرف اپنے ملک اور عوام کے مفادات کو مد نظر رکھیں گے۔